تعلیم

آغا خان یونیورسٹی بورڈ کے سالانہ امتحانات، آغا خان ہائیر سیکنڈری سکولز گلگت بلتستان و چترال کے چار طلبہ کی شاندار کامیابی

گلگت( نمائندہ خصوصی)  آغا خان  یونیورسٹی امتحانی بورڈ نے سالانہ امتحانات برائے 2019 ء کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی کے نتائج کا اعلان کیا ہے ۔ آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گلگت، آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کوراغ چترال اور آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال نے بورڈ کے سالانہ امتحانات میں  امتیازی نمبر حاصل کر نے کا اعلیٰ اعزاز حاصل کیا ہے ۔

تفصیل:

آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال کے طالب علم حنیف علی ولد علی مراد خان نے اعلیٰ ثانوی کی سطح پر آغا خان یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے سالانہ امتحان سال برائے 2019 ء میں  1100 نمبروں میں سے 1017  نمبر حاصل کرکے  پورے پاکستان سے تمام مضامین یعنی کامرس، آرٹس، جنرل سائنس، انجینئرنگ اور میڈیکل  کے سالانہ  امتحان  میں شرکت کرنے والے تمام طلبہ  کے مقابلے میں تسیری پوزیشن حاصل کی جوکہ قوم کےلئے  ایک عظیم اعزاز ہے ۔ جبکہ  یہی طالب علم انجینئرنگ  گروپ میں پورے پاکستان میں دوسری پوزیشن پر رہے ۔

میڈیکل گروپ میں پاکستان بھر سے سالانہ امتحان میں شامل ہونے والے تمام طلبہ میں آغا خان ہائیر سیکیڈری سکول گلگت کے سال دئم کے طالب علم دانش علی ولد علی بہادر خان نے 600 نمبروں میں سے 575 نمبر حاصل کرکے پورے بورڈ  کے میڈیکل گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔

ثانوی ( میٹرک ) کے سالانہ امتحان میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال کے طالب علم اویس اللہ گل ولد فیض اکبر خان نے سائنس گروپ میں 450 نمبروں میں سے 434 نمبر حاصل کر کے  پورے بورڈ میں تیسری پوزیشن کا اعزاز حاصل کیا ۔ جبکہ آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کوراغ چترال کی طالبہ انارہ تانیہ حسین ولد گل حیسن نے  450 میں سے 438 نمبر حاصل کر کے سائنس گروپ میں پورے بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ۔

بورڈ میں اعزازی نمبر حاصل کرنے والے طلبأ و طالبات نے ہمارے نمائندے کوایک  ٹیلیفونک انٹر میں بتایا کہ اُن کی کامیابی اللہ تعالی کی مہربانی ، اُ ن کی اپنی محنت، اُن کے اساتذہ کی بہترین  تدریسی لائحہ عمل، اُن کے پرنسپلز کی مسلسل جدو جہد اور آغا خان ایجوکیشن سروس کے اعلی حکام کی پُر خلوص کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ادارے کا  جنرل منیجر  بہ نفس نفیس ہمارے کمرہ جماعتوں میں تشریف لاتے ہیں اور ہم سے فرداً فرداً ملاقاتیں کرتے ہیں ، ہمارے اکیڈمک مسائل کے بارے میں ہم سے استفسار کرتے ہیں اور انہیں حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ  آغا خان ایجوکیشن سروس کے اعلیٰ لیڈر شب کی محبت اور حوصلے کا سایہ ہمارے سروں پر ہمیشہ موجود رہتا ہے۔  ہمارے ادارے نے ہمیں اس حد تک  حوصلہ دیا ہے کہ ہم زندگی کے کسی بھی مشکل موڑ کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے پرنسپلز اور اساتذہ کی درس و تدریس اور تربیت کے میدان میں مسلسل کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے طلبأ کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے مطابق انہیں تیار رکھنے پر اُنہیں خراج تحسین کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button