چترال (عطا حسین اطہر سے) چترال سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹریٹ کے دو طالب علموں، میر زمان شاہ اور شیر رحمت خان نے اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگری، اسٹریلیا کی آر۔ ایم۔ آئی۔ ٹی (RMIT) یونیورسٹی سے مکمل کر لی.
میر زمان شاہ کا تعلق گرم چشمہ، زیرین چترال سے ہے۔ جو اس سے قبل آغا خان ایجوکیشن سروس میں کئی سالوں تک مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے میر زمان شاہ نے ایجوکیشنل لیڈرشپ اوراقوام متحدہ کے Sustainable Development Goals یعنی "اہداف برائے پائیدار ترقی” پر تحقیق کی۔ اس سلسلے میں انھوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی کے مواقع اور مسائل کی حوالے سے آغاخان ایجوکیشن سروس کی تعلیمی رہنماوں یعنی اساتذہ اور انتظامیہ کے تجربات کا جائزہ لیا۔
2008 میں انھوں نے ماسٹر کی ڈگری بھی آر۔ ایم۔ ائی۔ ٹی (RMIT) یونیورسٹی ہی سے حاصل کی تھی۔
شیر رحمت خان کا تعلق بوزند، تورکہو، بالائی چترال سے ہے۔انھوں نے 2013 میں AKU-ISMC لندن سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ وہ کافی عرصے تک اطرب پاکستان کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ شیر رحمت کی پی ایچ ڈی کی تحقیق کا موضوع ایجوکیشنل کریکولم، تکثیریت اوراقوام متحدہ کے Sustainable Development Goals یعنی "اہداف برائے پائیدار ترقی” ہے۔ نوآبادیاتی ورثے، عالمگیریت اور انتہا پسندی کے تناظرمیں، انھوں نے بعض نصابی کتب کا تنقیدی جائزہ لیا۔
دونوں نے اپنی ڈاکٹریٹ کے دوران مختلف موضوعات پر مقالے پیش کیے۔
انھوں نے چند دیگر دوستوں کے اشتراک سے ایک کتاب “COVID-19 and the (Broken) Promise of Education for Sustainable Development: A Case Study from Postcolonial Pakistan” تحریر کی ہے، جو فروری 2023 تک منظر عام پہ آئے گی۔