گلگت (کرائم رپورٹر) گلگت پولیس نے نورکالونی جوٹیال میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر خاتون کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب جوٹیال تھانہ اور سی ٹی ڈی کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان کامران حسین اور ایثار حسین ساکنان اپر جوٹیال کو گرفتار کرکے جوٹیال تھانہ منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق دوران کارروائی پولیس نے ایک اور مشتبہ شخص کو حراست میں لیا تھا، جسے پوچھ گچھ کے بعد رہا کیا گیا۔ جبکہ دیگر دو ملزمان کا بدھ کو مقامی عدالت سے ریمانڈ لیکر مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کامران حسین حال ہی میں موٹر سائیکلوں کی چوری کے جرم میں سزا کاٹنے کےبعد جیل سے رہا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 22 دسمبر 2022 کی رات نور کالونی جوٹیال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاہمت پر ایس سی او کے انجنئیر سکندر بیگ کی والدہ اور معروف صحافی و کالم نگار صفدر علی صفدر کی ساس کو قتل کیا گیا تھا۔