گلگت بلتستان میں 20 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، دو ارب سے زائد روپے خرچ ہونگے
گلگت: گلگت بلتستان ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GB-DDWP) کا رواں مالی سال کا آٹھارواں اجلاس 12 مئی 2023 کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عزیز احمد جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا۔۔ اجلاس میں 2 ارب 27 کروڑ 42 لاکھ مالیت کے 20 اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ 92 کروڑ 40 لاکھ مالیت کی دو اہم اسکیمیں بشمول کرونا سمیت دیگر ہیلتھ ایمرجنسیز سے نمٹنے کیلئے صحت عامہ کا مستحکم نظام بنانے کیلئے پیش کیا گیا منصوبہ اعلی فورم کیلئے تجویز کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کے 13 کروڑ 20 لاکھ مالیت کے تین اہم اسکیمیوں کی منظوری دی گئی جن میں درکلی بالا تانگیر میں پرائمری اسکول کی تعمیر، گرلز ہائی اسکول گدئی استور کا درجہ بڑھا کے ہائیر سیکینڈری اسکول کرنے اور ہوم اسکولز دیامر کے اسٹاف کیلئے تنخواہیں مختص کرنا شامل تھیں۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے 61 کروڑ 43 لاکھ مالیت کے پانچ منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں نو تعمیر شدہ شہید سیف الرحمن ہسپتال کیلیے افرادی قوت کی فراہمی کا منصوبہ، چٹور کھنڈ اشکومن میں 30 بیڈ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، گدئی استور میں 20 بیڈ ہسپتال اور بونر نالا دیامر میں 10 بیڈ ہسپتال کے منصوبے شامل ہیں۔
اجلاس میں محکمہ تعمیرات کے 69 کروڑ 45 لاکھ مالیت کے 7 اہم منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی خصوصی ہدایت پر گلگت شہر میں کشروٹ، امپھری اور متصل آبادیوں کیلئے اوور ہیڈ واٹر ٹینکس، بورنگ کا نظام اور لفٹ واٹر پمپس کا منصوبہ، اپر ہنزہ اور لوئر ہنزہ کیلئے واٹر سپلائی اسکیم کا منصوبہ، گوپس غذر میں گلاپور اور دیگر علاقوں کیلئے واٹر سپلائی اور واٹر چینل کا منصوبہ، ضلع ہنزہ میں سڑکوں کی تعمیر اور ضلع غذر میں سڑکوں کی مرمت اور میٹلنگ کے منصوبے شامل ہیں۔
اجلاس میں محکمہ منرلز، انڈسٹریز، لیبر اینڈ کامرس کا چلاس میں ووڈ ورکنگ اینڈ پروڈکشن سنٹر کو فعال بنانے کیلئے 2 کروڑ مالیت کے اہم منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔
گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے 52 کروڑ 51 لاکھ کے تین اہم منصوبوں کی بھی اجلاس میں منظوری دی گئی جن میں گلگت سونیکوٹ میں ائرپورٹ سے متصل جی ڈی اے پارک کی تعمیر کا منصو بہ بھی شامل ہے۔
اجلاس میں محکمہ بلدیات کے 7 کروڑ 7 لاکھ مالیت کے اہم منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت سلطان آباد گلگت میں 4 کروڑ مالیت سے لفٹ ایریگیشن کا منصوبہ پائہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا اور سلطان آباد گلوداس کے موجودہ کوہل کو کشادہ کیا جائیگا۔
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے 21 کروڑ 24 لاکھ مالیت کے دو اہم منصوبوں کی بھی منظوری دیدی گئی جس میں بلتستان ڈویژن اور دیامر ڈویژن میں محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل دفاتر کا قیام کا منصوبہ اور استور پریس کلب کی بلڈنگ کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان عزیز احمد جمالی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام منظور شدہ منصوبے مفاد عامہ کے حامل ہیں لہذا ان کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ آفیسران اپنے محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کریں تاکہ عوام کو حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کے ثمرات سے فیض یاب ہونے کا موقع مل سکے اور گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کی رفتار تیز ہو۔