اہم ترین

پیپلز پارٹی نے وزارت اعلی کے لئے حاجی گلبر خان کی حمایت کا اعلان کردیا، انتخاب کل ہوگا

گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی نے مرکزی قیادت کی ہدایت پر وزارت اعلی کے امیدوارسابق وزیر صحت حاجی گلبر خان کی حمایت کا اعلان کردیا۔ باضابطہ اعلان کراچی میں پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین کی قمر زمان کائرہ کی موجودگی میں آصف علی زرداری کے ساتھ اہم میٹنگ کے بعد کیا گیا۔

گلگت بلتستان میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوے سابق ڈپٹی سپیکر اور سینئر پارٹی رہنما جمیل احمد نے کہا کہ کل ایوان میں پیپلز پارٹی کے چاروں ممبران حاجی گلبر کو ووٹ دیں گے۔

وزارت اعلی کے دیگر امیدواروں میں راجہ اعظم خان، راجہ زکریہ اور جاوید علی منوا شامل ہیں۔

نئے قائد ایوان کا انتخاب سابق وزیر اعلی خالد خورشید کی ڈگری جعلی ثابت ہونے کے بعد نااہلی اور عہدے سے برطرفی کے بعد کیا جارہا ہے۔

منختب ہونے کی صورت میں حاجی گلبر خان ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر اعلی گلگت بلتستان ہونگے۔

گزشتہ انتخابات میں حاجی گلبر خان گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ 18، دیامر 4، سے جیتنے کے بعد رکن اسمبلی منتخب ہوے تھے اور انہیں محکمہ صحت کا وزیر بنایا گیا تھا۔ 

دو سال سات مہینوں تک وزیر صحت کے طور پر خالد خورشید کی کابینہ کا حصہ بننے کے بعد انہوں نے چند روز قبل 9 مئ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوے پاکستان تحریک انصاف میں فارورڑ بلاک بنانے کا  اعلان کیا تھا۔ تازہ ترین صورتحال میں حاجی گلبر کو پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے۔ 

یاد رہے کہ وزارت اعلی کے لئے راجہ اعظم خان پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button