شمشال روڈ بیس دنوں سے بند، مقامی آبادی مشکلات کا شکار

شمشال (نعمت کریم فرہادی ) شمشال روڈ گزشتہ بیس دنوں سے مسلسل بلاک ہے جس کے باعث ہزاروں افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ اور دریائی کٹاؤ کے نتیجے میں شمشال تا پھسو کئی مقامات پر روڈ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، شمشال پاس کی طرف جانے والے راستے بھی بلاک ہیں جبکہ متعدد تاریخی پل دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہیں، جس کے باعث آمد و رفت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ مال مویشیوں تک رسائی ختم ہو چکی ہے جس سے بڑے پیمانے پر معاشی نقصان کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب، خوراک، ادویات اور ایندھن کی ترسیل رکنے سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
عوامی نمائندوں اور مقامی عمائدین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شمشال روڈ کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کو درپیش سنگین صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔