گلاغمولی (پھنڈر) میں عالمی یومِ ماحولیات پر ڈی جے سکول کی طالبات کی ریلی
گاہکوچ(ایم ایچ گوہر) عالمی یوم ماحولیات اور مقامی آبادی میں اس حوالے سے شعوروآگاہی بیدار کرنے کے لئے ڈی جے ہائی اسکول گلاغمولی کے طالبات نے ریلی نکالی. ریلی کی قیادت اسکول کے اساتذہ کر رہے تھے،طالبات نے اس دن کے حوالے سے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں ماحول کے تحفظ کے حوالے سے نعرے درج تھے. طالبات نے اس موقعے پرٹیموں کی شکل میں گاؤں کے مختلف علاقوں میں موجود کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے بھی لگایا.اور مقامی آبادی سے صاف ستھرے معاشرے کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے بھی بات کی. ریلی جب واپس اسکول پہنچی توعالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوۓ اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ نے کہا کہ "عالمی بدلتے ہوۓ ماحولیاتی اثرات کے مقابلے کے لئے ہمیں اپنے ماحول، جنگلات، جنگلی حیات، صاف ہوا اور پانی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے. گلگت بلتستان کو الله تعالی نے خوبصورت ماحول سے نوازا ہے، مگر آہستہ آہستہ ہمارے ماحول کو بھی مختلف خطرات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے. اس حوالے سے عوامی اور حکومتی سطح پراقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے”. انھوں نے مزید کہا” اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جس سے ہم نہ صرف مختلف بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ ہم عالمی سطح پر ماحول کو درپیش مختلف خطرات اور چلنگس سے بھی بچا سکتے ہیں”. گاؤں گلاغمولی ضلح غذر کے آخری یونین کونسل ٹیرو میں واقع ہے. جو دنیا کی نایاب ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش نسل اورپہاڑی خوبصورت جانور”خوش گاؤ” کے حوالے سے مشہور ہے. مگر ماحولیاتی تبدیلیوں اور ٹراؤٹ مچھلی کی غیر قانونی شکار سے دونوں کو شدید خطرات لاحق ہیں.