بہت جلد گلگت بلتستان کے شعرا کو عالمی سطح کے مشاعروں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، زیشان مہدی
سکردو(پ ر) معروف ادبی تنظیم فکر گلگت بلتستان کے صدر ذیشان مہدی نے کہا ہے کہ بہت جلد گلگت بلتستان کے شعراء کو عالمی سطح کے مشاعروں میں مواقع ملیں گے۔ ریڈیو پاکستان گلگت کے ادبی پروگرام ’’ادب رنگ‘‘ میں میزبان شاعر احسان شاہ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے شعراء کسی بھی خطے کے شعراء سے زیادہ باصلاحیت ہیں مگر مواقع نہ ملنے کے باعث ان کے صلاحیتیں دبی رہیں۔ انہوں نے اس کا ذمہ دار علاقے میں موجود ادبی تنظیموں کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادبی تنظیموں کے ذمہ داران نے انہی پہاڑوں کو دنیا سمجھ رکھا ہے، گلگت اور سکردو میں مشاعرے کر کے یہ سمجھا جاتا ہے کہ دنیا فتح کر لی، انہی ادبی تنظیموں کی وجہ سے علاقائی ادب ملکی سطح پر روشناس نہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد ادبی شخصیات نے ادب کو کمائی کا ذریعہ بنا رکھا ہے جب تک ان کے ہاتھ سے اختیارات نہ چھینے جائیں مقامی ادب پر ظلم ہوتا رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے ادب کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کیلئے حقیقی شعراء اور ادباء کو ذمہ داریاں سوپنی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقامی ادب کے فروغ میں ریڈیو کا کردار نمایاں ہے۔ ریڈیو گلگت کا پروگرام ادب رنگ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ یہاں حقیقی شعراء اور ادبا کی قدر دانی کی جاتی ہے۔ ذیشان مہدی نے کہا کہ ادبی و سماجی تنظیم فکر حقوق ادب کیلئے میدان میں اتر چکی ہے، دنیا بھر کی ادبی تنظیموں سے رابطے قائم کئے جا رہے ہیں، امید ہے بہت جلد مقامی ادب کو عالمی سطح پر پذیرائی ملے گی۔