متفرقکوہستان

عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کئے تو کرسی چھوڑ دونگا، پرویز خٹک کا کوہستان میں جلسے سے خطاب

کوہستان( نامہ نگار) کوہستان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہ کئے تو کرسی چھوڑ دونگا۔ ملک کو ابھارنے کیلئے ایماندار قیادت کی ضرورت ہے ۔ یہاں غریب اور امیر کیلئے الگ قانون ہیں ،چھوٹے چوروں اورغریبوں کو پکڑا جاتاہے جبکہ بڑے چور دندناتے پھرتے ہیں ۔تیس اکتوبر کو بڑے چوروں سے حساب لینے اسلام آباد جائیں گے ۔ حکمران قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کریں تو بیرونی دنیا سے سرمایہ کار آئیں گے۔کوہستان میں کیڈٹ کالج کے قیام سمیت دو بی ایچ یوز کو آرایچ سی بنانے سمیت ہائی سکول پٹن کو ہائیر سکنڈری کا درجہ دینے ، سیاحتی مقامات اور زرعی فصلوں کی بہتری کیلئے خطیر رقم دینے کااعلان ۔ 80 کروڑ روپے کوہستان کی ترقی کیلئے لوکل گورنمنٹ کو دیدئے ،وزیراعلیٰ نے لوئر کوہستان کے قیام کے بعد عدالتی فیصلہ آنے پر بلدیاتی انتخابات کرانے اور پولیس ، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کو مثالی بنانے کا دعویٰ کردیا۔ پرویز خٹک نے یہ اعلانات ہفتے کے روز لوئیر کوہستان کے علاقہ پٹن میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا۔ اُن کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی،ایم پی اے نسیم خان ،صوبائی مشیران عبدالحق اور زگل خان اور ملک اورنگزیب ، حاجی مصرخان تھے جبکہ کوہستان کے نامی گرامی ملکانان اور علماء سمیت سول سوسائیٹی وکلاء ، لوکل میڈیا اور داسو ڈیم کمیٹی کے علاوہ پٹن کی عوام نے اجتماع میں بھرپورشرکت کی۔ قومی اصلاحی کمیٹی کی جانب سے انتظامات کئے گئے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام سے تبدیلی کا وعدہ لیکر اقدار میں آئے ہیں ، عمران خان کے پروگرام اور وژن کی تعمیل نہ کرسکا تو وزارت اعلیٰ کی کرسی چھوڑ دونگا، ایماندار پارٹی اور قائد کیلئے وزارت چھوڑ کر آیا تھا، جس کا صلہ مل گیا۔انہوں نے صوبائی انتظامیہ کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے عوامی مسائل پر توجہ دینے کا انتباہ کیا اور جلسہ عام میں عوام سے مطالبہ کیا کہ آپ اداروں کے کرپشن منظر عام پر لانے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ ہماری حکومت میں سزا و جزا کا قانون ہے جو اچھا کریگا اُسے کندھے پر بٹھائیں گے ۔اس موقع پر انہوں نے دو بنیادی مراکز صحت کو رورل ہیلتھ سنٹر بنانے ،بی ایچ یوز میں ایمبولنسز دینے ، ہسپتالوں کو جنریٹرز فراہم کرنے ، پٹن میں وومن اینڈچلڈرن ہسپتال کے قیام اور کیڈٹ کالج کی تعمیر کا علان کیا۔صحافیوں کے مطالبے پرکوہستان پریس کلب داسو کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button