اہم ترین
گونر فارم چلاس میںپاک فوج، جی بی سکاوٹس، پولیس اور ایف سی کا جوائنٹ چیک پوسٹ قائم
چلاس (شہاب الدین غوری ) سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان جواد اکرم نے چلاس گونر فارم میں جوائنٹ چیک پوسٹ کا افتتاح کر دیا ۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک ، ایس پی دیامر کامران عامر ، پاک فوج کے میجر علی محمد ،میجر جی بی سکاؤٹس میجر وقاص ، ڈپٹی سیکرٹری داخلہ ظہور مری سمیت دیگر حکام شریک تھے ۔جوائنٹ چیک پوسٹ پہ پاک فوج ، پولیس ، جی بی سکاؤٹس ایف سی کے اہلکار تعینات ہونگے جو ہر آنے والی گاڑی کو چیک کرنے کے بعد گلگت بلتستان داخل ہونے کی اجازت دینگے ۔سیکرٹری داخلہ جواد اکرم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ چیک پوسٹ وقت کی ضرورت تھی اس چیک پوسٹ کے فعال ہونے کے ساتھ ہی کئی مسائل خودبخود ختم ہونگے ۔انہوں نے زیرو پوائنٹ چلاس میں ٹورسٹ گائیڈ سنٹر کا وزٹ کیا اس دوران انہوں نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان آنیوالے سیاح نہیں بلکہ ہمارے مہمان ہیں ان تمام مہمانوں کو سیکورٹی ، سہولیات ان کے رہائش سمیت ہر ضرورت پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کر رہی ہے اور پائیدار امن ہی معاشی ترقی کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قیام امن کے لئے تاریخی اقدامات کر چکی ہے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بابوسر ناراں کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں مذید بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ سیاحوں کے ساتھ بہترین رویے کا مظاہرہ کریں تاکہ گلگت بلتستان کا ایک اچھا تاثر ملکی سطح پر اجاگر ہو گا ۔۔۔۔۔۔۔