24 گھنٹے بعد گوہر آباد میںشاہراہ قراقرم ٹریفک کے لئے بحال
گلگت( سٹاف رپورٹر) گوہر آباد میں چوبیس گھنٹے سے بندشاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ دونوں اطراف میں پھنسے ہو ئے مسافر اپنے منزلوں کی طرف رواں دواں ہو گئے ۔ گزشتہ دنوں گوہر آباد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم 3مختلف مقام سے بند ہو گیا تھا جسے ایف ڈبلیو او نے 24گھنٹے کے بعد ہرقسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا۔ شاہراہ کے دونوں اطراف میں پھنسے ہو ئے مسافر اپنے منزل کی طرف رواں دواں ہو گئے ہیں ۔ گزشتہ رات سے دونوں اطراف میں ہزاروں سیاح ، مسافر اور مریض پھنس کے رہ گئے تھے۔ مسافروں نے رات کھلے آسمان تلے گزار جن میں بزرگ ، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ چلاس کی جانب سے مسافروں کی رہنمائی کے لئے کوئی بندوبست نہیں کیا تھا۔ متاثرہ شاہراہ پر صرف 4پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے جو کہ ناکافی تھے۔ سیاحوں کو بہتر رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔