"ریاست مخالف مواد” کی تشہیر کرنے والے ایک ویب سائٹ اور 137 سوشل میڈیا اکاونٹس بند کرنے کے لئے درخواست دی ہے، آئی جی
گلگت: انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کی سرپرستی میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سپیشل برانچ کے اے آئی جی حنیف اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد کی تشہیر کرنے پر 104آئی ڈیز بلاک جبکہ مذہبی منافرت پھیلانے پر 37آئی ڈیز بلا ک کر کے ان کے خلاف کاروائی کے لئے متعلقہ ادارے کو لکھا گیاہے۔ ان میں ایک ویب سائیٹ اور 3ٹویٹر اکاونٹ بھی شامل ہیں ۔ 5اشخاص کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ 2016کے تحت پرچے درج ہوئے اور اُن پر کاروائی بھی ہوئی۔
آئی جی پی نے بریفنگ کے اختتام پر کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں سوشل میڈیا کے زریعے ملکی سا لمیت اور مذہبی رواداری کیخلاف زہر اگلنے والوں کے خلاف مانیٹرنگ اور کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ سپیشل برانچ میں قائم سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کو تمام equipmentsاور افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ تاکہ اس کی کارکردگی میں مذید بہتری لائی جا سکے۔ آئی جی پی کی سربراہی میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ اجلاس کے اختتام پر اے ٹی اے کے پینڈنگ کیسسز اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے سے میٹنگ ہوئی۔ جس میں ڈی آئی جی کرائم فرمان علی اور اے آئی جی کرائم محمد اسحاق نے بریفنگ دی۔
آئی جی پی نے اس دوران ہدایات دی کہ اگلی میٹنگ میں اے ٹی اے کے پینڈنگ کیسسز اور جے آئی ٹی کی رپورٹس وغیرہ پیش کی جائیں۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ویمن پولیس کے اہلکاروں سے ایک نشست کے دوران پولیس سربراہ نے اُن کے مسائل سنے اور موقع پر ہی مسائل کے حل کے لئے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ویمن پولیس کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے تلقین کی کہ ایمان داری اور فرض شناسی کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دو۔ ویمن پولیس اہلکار مختلف اضلاع سے آئیں ہوئی تھیں۔ مذکورہ بالا میٹنگز میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر گوہر نفیس ،ڈ ی آئی جی کرائمز فرمان علی، اے آئی جی کرائمز محمد اسحاق ، اے آئی جی تنویر الحسن ، اے آئی جی آپریشنز محمد جمیل ، اے آئی جی سپیشل برانچ حنیف اللہ اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔