چلاس کے قریب واقع بستی میں اچانک آگ لگ گئی، 24 گھر خاکستر، تخریب کاری کے شبے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج
چلاس( ڈسٹرکٹ رپورٹر) تھور بلنگہ کے مقام پر چوبیس سے زائد رہائشی گھروں کو رات گئے جلا کر راکھ کردیا گیا ۔گھروں میں موجود مرد و خواتین ،بچے اور بوڑھے آگ کے شعلے بلند دیکھ کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ گھروں میں موجود تمام اشیا جل کر خاکستر ہو گئیں ۔پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق چلاس کے متصل گاؤں تھور بلنگہ کے مقام پر رات ڈھائی بجے سے تین بجے کے درمیان اچانک پوری بستی آگ کے لپیٹ میں آگئی گھروں میں سوئے ہوئے مرد و خواتین بچے اور بوڑھے آگ کے شعلے بلند دیکھتے ہی چیخ و پکار شروع کر دی اور گھروں سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ گھروں میں موجود اشیائے خوردونوش سمیت دیگر قیمتی اشیا جل کر راکھ کا ڈھیر ہو گئی اور لکڑیوں سے بنے چوبیس رہائشی گھر بھی مکمل طور پر جل کر ختم ہو گئے ہیں ۔تھور پولیس نے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ایس ایچ او تھور میر غنی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر نقصان کا اندازہ دو کروڑ روپے سے زائد ہے مقدمہ درج کیا ہے انشاءاللہ جلد ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا