نیٹکو جدید بسیں متعارف کرائے گا
گلگت (پ ر) نیٹکو صوبائی حکومت کے تعاون سے مسافروں کی سہولت کے لئے عہد جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بسیں متعارف کرائے گا۔ ادارے کے ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بھرپور استعفادہ حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ نیٹکو کے اثاثوں سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے ان کو بزنس ماڈل کی طرف لے جایا جائے گا۔ادارے کے اثاثوں کو مختلف بزنس ماڈلز میں تبدیل کرکے ادارے کی ترقی کے لئے بروئے کار لایا جائے گا۔ نیٹکو کے سٹور ڈیپارنمنٹس اور پمپس کی ری ماڈلینگ کی جائے گی۔نیٹکو میں جاری اصلاحات ادارے کی ترقی کے لئے اہم ہیں جن کی تکمیل کے لئے تمام ممکنہ ذرائع کو بروئے کار لا یا جائے گا ۔ ادارے کے استحکام تک ملازمین کی تعیناتیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی ان امور کا فیصلہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کپیٹن (ر) خرم آغا جو کہ نیٹکو کے چیئرمین بھی ہیں کی صدارت میں نیٹکو کے 111بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملازمین کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے لئے تربیتی کورسز کرائے جائیں گے۔اس سے قبل ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم ٹوانہ نے نیٹکو بورڈ کو ادارے کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفینگ دی ۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ایم ڈی عاصم ٹوانہ اور نیٹکوانتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے ایم ڈی نیٹکو کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہامسافروں کی سہولت کے لئے نئی بسوں کی خریداری کے حوالے سے سفارشات مرتب کریں تاکہ سیاحوں کو بروقت اور آرام سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔