تعلیم

ڈونرز کے ساتھ کو آرڈینشن کو مزید مستحکم کریں گے، نجیب عالم ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان

گلگت ( پ۔ر) معیاری تعلیم و تربیت معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا باعث ہے جبکہ ناخواندگی اور غیر معیاری تعلیم تمام معاشرتی برائیوں کو جنم دیتی ہے۔کسی بھی سماج کا اہم ترین شعبہ، شعبہء تعلیم ہی ہے۔ اِس لیے ہم سب کو خلوصِ دل ، مکمل جذبے اور دیانتداری سے محکمہء تعلیم میں اپنی خدمات بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ہماری بھر پور اور عملی کوشش ہے کہ ہم اس مقدس شعبے کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کریں اور نیک مقاصد کے حصول میں کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔اِن خیالات کا اظہار نئے تعینات ہونے والے ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نجیب عالم (او۔ایم ۔ایس) نے محکمہء تعلیم گلگت بلتستان کے ڈونرز کوآرڈینیشن سیل کے فوکل پرسن عزیز خان کی جانب سے ڈونرز کے تعاون سے محکمہء تعلیم میں چلنے والے منصوبوں پر مفصل بریفنگ دینے کے دوران کیا۔

اِس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم نے مذید کہا کہ ہم ڈونرز کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اِن کے تعاون سے محکمہء تعلیم کو اہم فوائد حاصل ہوئے ہیں۔آئندہ ان ڈونرز کے ساتھ کو آرڈدینشن کو مذید مستحکم کریں گے تاکہ مزید فوائد حاصل کیے جاسکیں ، اثرات طلباء و طالبات تک براہِ راست پہنچ سکیں اور اساتذہ ء کرام کی استعدادِ کار میں اضافہ ہوسکے۔

اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں دیگر ڈونرز سے بھی رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

نجیب عالم نے ڈونرز سیل کے ذمہ داران کو ہدایت کی وہ ڈونرز کے ساتھ سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ظفر وقار تاج صاحب اور اُن کی میٹنگز کے لیے شیڈول مرتب کریں۔ ساتھ ساتھ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ ڈونرز کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں سے حاصل ہونے والے نتائج پر ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے اُنہیں پیش کی جائے۔ بریفنگ کے اختتام پر ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان نے عزیز خان اور اُن کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔

محکمہء تعلیم گلگت بلتستان میں نجیب عالم صاحب کا ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم تعیناتی کو عوام نے نیک شگون قرار دیا ہے۔ ظفر وقار تاج اور نجیب عالم سے اُمید یں وابستہ کی جارہی ہیں کہ وہ دونوں مکمل پیشہ ورانہ انداز اور محنت شاقہ سے محکمہء تعلیم کو اعلیٰ خطوط پر پروان چڑھائیں گے۔

حالیہ دنوں میں تعینات ہونے والے ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم نجیب عالم نے قائد اعظم یونیورسٹی سے ایم ۔ایس ۔سی ،آئی آر کی ڈگری نمایاں پوزیشن کے ساتھ حاصل کی ہے۔ وہ ۲۰۰۸ میں ہونے والے مقابلے کے امتحان میں ایس او تعینات ہوئے تھے۔ مختلف محکموں میں ڈپٹی سیکریٹری پھر سیکریٹری ٹو گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ بیسواں MCMC اچھی کارکردگی کے ساتھ مکمل کرچکے ہیں جبکہ اُنہیں امریکہ، جرمنی اور چائنا سے ٹریننگ حاصل کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button