گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے بچاو کے لئے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ، 1394 افراد کی سکریننگ مکمل ، 619 مزید زائرین کی آمد متوقع
گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے صوبے بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ صحت کے حوالے سے انٹرنیشنل گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہاہے۔ سکولوں کو بند کرنے اور اجتماعات پر پابندی ہیلتھ ایڈوائزری کی روشنی میں کی گئی ہے۔ کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے قائم سٹیئرنگ کمیٹی اور محکمہ صحت کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ سکولوں کو کھولنے اور اجتماعات پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ ہوگا۔ بورڈ کے پیپرز کے انعقاد کے حوالے سے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی، محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے۔ اسلام آباد اورکراچی ایئرپورٹ میں کرونا وائرس کی سکریننگ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر سوال اٹھائے جارہے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے ایئرپورٹس اور تمام داخلی راستوں میں سرولینس ٹیموں کو فعال کیا جائے اور کرونا وائرس کی سکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔زائرین اور چائنہ سے آنے والوں کی خصوصی سرولینس کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے کئے جانے والے بھرپور اقدامات کی وجہ سے اب تک صرف دو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تشخیص ہوئی ہے جو پہلے سے آئیسولیشن وارڈز میں منتقل کئے گئے تھے۔ اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے 1394 افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جن میں سے دو کی تشخیص ہوئی ہے۔ 619 مزید گلگت بلتستان کے زائرین کی آمد متوقع ہے جن کی سکریننگ کیلئے سرولینس ٹیمیں متحرک ہیں۔ زائرین کو تفتان کے مقام پر قرنطینہ (quarantine) میں رکھا جارہا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان متعلقہ اداروں کیساتھ رابطے میں ہے۔ زائرین کی صوبے میں آمد سے قبل سکریننگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ہنگامی بنیادوں پر ضروری آلات کی خریداری عمل میں لائی جارہی ہے۔9 اضافی وینٹی لیٹرز خریدے گئے ہیں۔ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے بین الاقوامی گائیڈ لائنز کے مطابق سکول بند کردیئے گئے ہیں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والوں کی سرولینس ٹیموں کے ذریعے باقاعدہ سکریننگ کی جارہی ہے اور کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے تمام افراد کو ہوم قرنطینہ (quarantine) میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر آئیسولیشن وارڈ منتقل کیا جاتا ہے۔ گلگت اور سکردو ایئرپورٹ ، بسری چیک پوسٹ، جگلوٹ، سکردو ستک میں کرونا وائرس سکریننگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بیرون ملک سے آنے والوں کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ بورڈز کے پیپرز کے انعقاد کیلئے فیصلہ محکمہ صحت ، سٹیئرنگ کمیٹی، محکمہ تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔