سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوںکے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا گیا ہے:ترجمان صوبائی حکومت
گلگت: گلگت بلتستان حکومت نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سوشل میڈیا سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والے اکاونٹس اور پیجز کی خصوصی مانیٹرنگ ہورہی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان امتیاز علی تاج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی خالد خورشید نے حکام کو سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کسی کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے فتنہ و فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق شرانگیزی میں ملوث افراد کے اکاونٹس اور پیجز بلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
گلگت بلتستان انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شرانگیزی میں ملوث افراد کی نشاندہی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر قائم ایف آئی اے سائبر کرائم برانچ کی بھی مدد لی جائے گی۔