18 سال بعد گلگت بلتستان میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات ہونگے، چیف الیکشن کمشنر نے اعلان کردیا
گلگت: 18 سال کی تاخیر کے بار بالآخر گلگت بلتستان کے باسیوں کو مقامی بلدیاتی حکومتوں کے لئے اپنے نمائندے چننے کا موقع ملے گا۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گلگت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات نومبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابات سے پہلے حلقہ بندی سمیت تمام معاملات طے کر لئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ آخری بار گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات 2005 میں پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں منعقد ہوے تھے۔ 2005 سے اب تک پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان پر حکومت کی مگر بلدیاتی انتخابات منعقد کرنے میں ناکام رہے۔
چند ہفتے قبل سابق وزیر اعلی کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حالیہ مخلوط حکومت 18 سالوں میں گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرنے والی پہلی حکومت ہوگی۔