اسماعیلی ریجنل کونسل کے وفد کی گوہر آباد (چلاس) آمد، ناخوشگوار واقعے کی مذمت اور بین المسالک یکجہتی کا اظہار

چلاس: اسماعیلی ریجنل کونسل کے ایک وفد نے ریٹائرڈ ایس پی اعظم خان کی قیادت میں گوہر آباد ڈسپنسری میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر اظہارِ یکجہتی کے لیے چلاس کا دورہ کیا۔
وفد میں ڈاکٹر عزیز، سلیم اور اعظم خان شامل تھے۔ دیامر کے ممتاز علمائے کرام نے وفد کا استقبال کیا، جن میں مولانا عبد المالک اور مولانا محمد شریف شامل تھے۔ وفد نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
علمائے دیامر نے متاثرہ خاتون کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملزم سے ان کا کوئی تعلق یا ہمدردی نہیں ہے۔ علمائے کرام نے اسماعیلی وفد کے دورے اور اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسماعیلی کمیونٹی کی خواتین کی خدمات پورے دیامر کے لیے باعث فخر ہیں۔
ریٹائرڈ ایس پی اعظم خان نے اس موقع پر کہا کہ اہل سنت والجماعت اور اسماعیلی جماعت کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں، اور مستقبل میں بھی اس بھائی چارے کو قائم رکھا جائے گا۔ وفد نے واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری پر علمائے کرام اور یوتھ تنظیموں کا شکریہ بھی ادا کیا۔