اہم ترین

آئندہ فورسز پر حملہ کرنے والے کمانڈروں کی مدد نہیں کریں گے، تھور سری کے علما، عمائدین اور مقامی رہنماوں کا اعلان

تھور سری (نمائندہ خصوصی) مورخہ 21 ستمبر کو تھور سری گاؤں منیجال میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تقریباً 180 سے 200 افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالہادی نے کی، جس میں علما، عمائدین اور مقامی نمبردار شریک ہوئے۔

اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ تھور کے عوام آئندہ کسی بھی ایسے کمانڈر کی مدد نہیں کریں گے جو سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہو۔ عوامی نمائندوں نے اعلان کیا کہ ماضی میں بعض مواقع پر کمانڈروں کی مدد کی گئی، لیکن آج کے بعد ایسے عناصر سے مکمل لاتعلقی اختیار کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر حکومت ان کمانڈروں کے خلاف کوئی کارروائی کرے تو تھور کے عوام حکومت اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

کمیٹی کے 25 ارکان میں مولانا عبدالہادی، مولانا محمد، مولانا محمد اقبال، نمبر دار بشیر، نمبر دار گل زر، نمبر دار جمشید، نمبر دار میراجان، محمد غنی، آصف خان، عبدالوکیل، افرسیاب ادریس، اختر، سلطان، مصطفےٰ، عبد الطیف، یوسف، رحمت نبی، محمد مصطفےٰ کوٹ، جمعہ سید، ولایت اور نظام الدین شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اراکین کل 22 ستمبر کو چلاس جا کر جی بی اسکاؤٹس کے اعلیٰ حکام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے اور حکومت کو یہ یقین دہانی کرائیں گے کہ تھور کے عوام نہ صرف کمانڈروں سے بائیکاٹ کریں گے بلکہ سانحہ ہڈور کیس سمیت ہر معاملے میں ریاستی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون بھی فراہم کریں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button