اہم ترین

گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا اجلاس، زلزلہ متاثرین کے لیے ریلیف اقدامات پر خصوصی توجہ

گلگت: گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پیر کے روز اپیکس کمیٹی روم، جٹیال گلگت میں نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر ایف سی این اے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ہوم منسٹر، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، حساس اداروں اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سرکاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ نگران وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زلزلہ متاثرین کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جائے، متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بحالی کو ترجیح دی جائے اور نقصانات کا درست اندازہ لگا کر امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں دور دراز اور حساس علاقوں تک ریلیف پہنچانے میں درپیش مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، توانائی کے منصوبوں اور ترقیاتی اسکیموں، خصوصاً موسمِ سرما میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ دیامر بھاشا ڈیم کی سیکیورٹی اور تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ گلگت بلتستان میں زیرِ تعمیر شاہراہوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا گیا۔

نگران وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ خطے کی ترقی اور استحکام کو فروغ مل سکے۔

اس موقع پر کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں، تاہم پائیدار امن کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ اجلاس میں شریک دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی مختلف امور پر اپنی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے، زلزلہ متاثرین کی بحالی اور زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

بعد ازاں کمانڈر ایف سی این اے نے خیبر پولو ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر گلگت بلتستان پولو ٹیم کو 10 لاکھ روپے نقد انعام سے بھی نوازا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button