گلگت بلتستان
گلگت بلتستان سروسز ٹریبیونل کی افتتاحی تقریب
گلگت (سپیشل رپورٹر ) گلگت بلتستان میں سروس ٹریبونل کے قیام سے گلگت بلتستان کے ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔یہ بات گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے سر وس ٹریبونل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اگر چہ گلگت میں سرکاری ملازمین کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے سروس ٹریبونل کا قیام جلد ہونا چاہیے تھا تا ہم دیر آئد درست آئد اللہ کے فضل و کرم سے اس ادارے کا قیام عمل میں آیا ہے جو یقیناًخوش آئند بات ہے اور ٹریبونل کے قیام سے نہ صر ف گلگت بلتستان میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کا ایک درینہ مطالبہ پورا ہوا ہے ۔بلکہ اس ٹریبونل سے ملازمین کے مسائل و مشکلات حل ہونے میں بھی مدد ملیگی ۔کیونکہ اس سے قبل یہاں کے سرکاری ملازمین گلگت بلتستان کے دیگر عدالتوں میں رجوع کرنا پڑتا تھا یا اسلام آبادمیں ۔
اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان نے سروس ٹریبونل کے چیرمین اور دیگر ممبران کو تلقین کی کہ وہ ملازمین کے مسائل و مشکلات کو دور کرنے اور ان کے مقدمات کو نمٹانے کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرینگے ۔کیونکہ اس ٹریبونل میں قابل اور ایماندار جج صاحبان کا تقرر عمل میں لا یا گیا ہے ۔ اس سے قبل سروس ٹریبونل کے چےئر مین حفیظ الرحمن نے ادارہ کے قیام اور اغراض و مقاصد سے شرکا ء تقریب کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی گلگت بلتستا ن کے سرکاری ملازمین کے مسائل اور مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے اپنا کردار ادا کرینگے ۔تقریب میں گلگت بلتستان کے وزراء ،ممبران اسمبلی ،جج صاحبان ،سینئر وکلاء ،عمائدین شہر ،اور زرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔