تعلیم

گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر کے پوزیشن ہولڈرز کا دورہ پنجاب

گلگت( پریس ریلیز ) پنجاب حکومت کی خصوصی دعوت پر ملک بھر کے انٹر میڈیٹ 2013کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات سمیت گلگت بلتستان کے ہونہارپوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات نے پنجاب کا ایک ہفتے کا شاندار علمی، مطالعاتی، مشاہداتی اور تفریحی دورہ کیا اور پنجاب کے اعلیٰ سیاسی وسرکاری شخصیات اور اداروں سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ گلگت بلتستان کے چھ طلباء اور ایک طالبہ، ایف جی ڈگری کالج فار بو ا ئز جو ٹیال گلگت کے اسسٹنٹ پروفیسر اجلال حسین کی سربراہی میں اس دورے سے مستفید ہوئے ۔ دورے میں شامل طلباء و طالبات اور لیڈرزنے پنجاب یوتھ فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور بھر پور لطف اندوز ہوئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے لاہور، مریدکے، گجرانوالہ اور مری کا دورہ کیا۔ جہاں ان کو پنجاب حکومت کے مختلف پروجیکٹس اور تاریخی، تعلیمی اور تفریحی مقامات دکھائے گئے۔
لاہور کے دورے کی خاص بات یہ تھی کہ اس دوران طلباء و طالبات اور لیڈرزکی ملاقات وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف سے کروائی گئی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے طلباء و طالبات کو ان کی غیر معمولی کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ بھر پور حوصلہ افزائی کی اور ان سب میں لیب ٹاپ تقسیم کیے۔ دورے کی انتہائی خاص بات یہ بھی تھی کہ ہونہارپوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو پاکستان کے سیاحتی مقام مری میں پنجاب پولیس کے چاق و چوبن دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جس پر طلباء و طالبات کے سر فخر سے بلند ہوئے۔دورے کے اختتام پر طلباء و طالبات نے پنجاب حکومت خاص طور سے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے۔ انہوں نے اسے علم دوستی قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مذید محنت اور لگن سے پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کریں گے۔ انہوں نے دیگر صوبوں کے ذمہ دار احباب پر زور دیا کہ وہ بھی اس روایت کی تقلید کریں۔ اس شاندار دورے میں شرکت پر گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے گلگت بلتستان کے ہونہارپوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو دلی مبارک پیش کی۔ 
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button