کھیل

گلگت میں بین الصوبائی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر، پنجاب فاتح

گلگت( پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات، سیاحت ، کھیل و ثقافت سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ صوبے کے بچوں اور نوجوانوں میں کھیلوں کا پوٹینشل لائق تحسین ہے اور ان کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ موقع ملنے سے مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ ملے گا اور دیگر صوبوں میں جاکر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے انکے کھیل میں نکھار آجائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں کے لیئے مزید سہولیا ت فراہم کرے تاکہ یہاں کے کھلاڑی بھی ملک و قوم کا نام ملکی اور غیر ملکی سطح پر روشن کر سکیں۔ وہ گلگت میں پاکستان سپورٹس بورڈ اور گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الصوبائی یوتھ انڈر 14 ٹیبل ٹینس چیمپین شپ کے فائنل میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے اس چیمپین شپ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر اجمل بھٹی اور گلگت بلتستان کے دیگر محکموں کے حکام کی تعریف بھی کی جنہوں نے اس شاندار مقابلے کے تمام تر انتظامات کئے تھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس سے یہاں کے مقامی کھلاڑیوں اور ملک کے دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو ملکر کھیلنے اور ہم آہنگی میں اضافے کا موقع ملا کرے گا اور اس طرح کی سرگرمیوں سے خطے کی ثقافت و روایات کو مزید دوام حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے سے نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہوتی ہے اور برداشت اور برد باری کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملتا ہے جو کہ ہمارے معاشرے کے لیئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کی خصوصی توجہ اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیئے بہترین اقدامات کرتا رہے گا جس سے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں جیسے صحت مندانہ سرگرمیوں میں اپنے آپ کو مصروف رکھنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری سیاحت سید اختر حسین رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور اس کو سامنے لانے کے لیئے کھیلوں کی ایسی شاندار سرگرمیوں کا ہونا نا گزیر ہے۔اس تقریب میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائرکٹر جنرل شاہد اسرار نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ چ
یمپین شپ میں پنجاب کی ٹیم نے پہلی پوزیشن ، سندھ نے دوسری اور گلگت بلتستان کی ٹیم نے تیسری،AJKنے چوتھی اور فاٹا کی ٹیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والے ٹیموں کے لیئے دس دس ہزار روپے کے انعامات کا بھی اعلان کیا اور انہیں جیتنے پر شاباش دی اور ہارنے والی ٹیموں سے کہا کہ ہار جیت تو کھیل کا حصہ ہے اور ہار کر ہی اگلی بار جیتنے اور مزید محنت کرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے۔ اس موقع پر پنجاب ، سندھ، خیبر پختونخواہ ، ٖفاٹااور آزاد کشمیر سے آئی ہوئی ٹیموں کے کوچز اور مینیجرز کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپیاں پیش کی گئیں۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button