تعلیم
ادبی تنظیم فکر کے زیر اہتمام "ذوق نظر” فوٹوگرافی مقابلے کا نتیجہ سامنے آگیا
سکردو(پ۔ر) ادبی و سماجی تنظیم فکر کے زیر اہتمام جاری تصویری مقابلہ ’’ذوقِ نظر‘‘ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جشن آزادی کے حوالے سے جاری اس مقابلے میں کل 12 تصاویر رکھی گئی تھیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اس مقابلے میں رکھی جانے والی تصاویر کے معیار کو پرکھنے کیلئے تین ماہر فوٹو گرافرز احمد خان جوہر، امین ضیاء اور حامد حسین کی خدمات حاصل تھیں جو ہر تصویر کو تیس تیس پوائنٹس تک دے سکتے تھے جبکہ عام پبلک بھی ایک ایک پوائنٹ دینے کا اختیار رکھتے تھے۔ ججز اور پبلک نے مشترکہ طور پر جس تصویر کو سب سے زیادہ پوائنٹس دیئے وہ سکردو کے دانش علی کی تصویر قرار پائی جس کو ججز نے 54جبکہ پبلک نے 65یعنی کل 219پوائنٹس دئیے۔ دوسری پوزیشن پر عنایت عنو رہے جن کی تصویر کو ججز نے 54جبکہ پبلک نے 107یعنی کل 161پوائنٹس دئیے ، تیسری پوزیشن رضا اختر کی تصویر کو ملی جس کو ججز نے 27جبکہ پبلک نے 105یعنی کل 132پوائنٹس دئیے۔ فکر کے صدر ذیشان مہدی کے مطابق یہ مقابلہ نوجوان فوٹو گرافرز کی حوصلہ افزائی اور یوم آزادی کی تقریبات میں حصہ ڈالنے کیلئے منعقد کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مجبوریوں کی وجہ سے مقابلے میں کم تصاویر رکھی گئیں تاہم اگلی بار زیادہ سے زیادہ فوٹو گرافرز کو مواقع دئیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے فکر مزید اس قسم کے سرگرمیوں کا سوچ رہی ہے۔ انہوں نے مقابلے جیتنے والے فوٹو گرافز کو مبارکبادی دیتے ہوئے کہا کہ عنقریب کسی تقریب میں تمام فوٹو گرافرز کو اسناد اور پہلی تین پوزیشن لینے والوں کو انعامات دئیے جائیں گے۔ جیتنے والے فوٹو گرافرز نے فکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس طرح کے مزید مقابلے کرانے کی اپیل کی ہے۔ مقابلے کے جج اور معروف فوٹو گرافر احمد خان جوہر نے فوٹو گرافی مقابلے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے فکر کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فکر نے نہایت کم عرصے میں مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنی کارکردگی ثابت کر دی ہے۔ انہوں نے جیتنے والے فوٹو گرافرز کو مبارکباد پیش کی ہے جبکہ باقی فوٹو گرافرز سے کہا ہے کہ وہ حوصلہ ہارنے کی بجائے مزید محنت کریں اور اپنی صلاحیتوں کو منوائے ، ان کے مطابق مقابلے میں شامل ہونے والے تمام فوٹو گرافرز باصلاحیت ہیں۔