آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام چترال میں دو روزہ ایل ایس او یوتھ کنونشن کا آغاز
چترال (بشیر حسین آزاد) آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آر ایس پی)کے زیر اہتمام دو روزہ ایل ایس او یوتھ کنونشن اتوار کے روز شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں شروع ہوگیاہے۔ نوجوانوں کی ترقی کے لئے اے کے آرا یس پی کی ایلی (EELY)پراجیکٹ کے تحت منعقد ہونے والی اس کنونشن میں ضلع کے طول وعرض میں قائم 17مقامی سپورٹ تنظیمیں (ایل ایس اوز)نے اپنے اپنے یوتھ پراجیکٹ کے مصنوعات کے اسٹالز بھی قائم کئے ہوئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال امین الحق مہمان خصوصی تھے جبکہ اے کے آر ایس پی کے ریجنل پروگرام منیجرسردار ایوب، ایلی پراجیکٹ کے منیجرز فضل مالک اور سجادحسین شاہ نے ایلی پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد کے علاوہ کنونشن کے بارے میں تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ کنونشن کے پہلے روز نوجوانوں کے لئے شروع کردہ پراجیکٹوں اور ایل ایس اوز کی کارکردگیوں کی رپورٹ بھی پیش ہوئے جبکہ ان سے مستفید ہونے والے کئی ایک نے اپنی کامیابی کے قصے بھی بیان کئے جن میں حاضرین نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اپنی نوعیت کی اس کنونشن میں ضلع بھر سے یوتھ تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کررہے ہیں۔