سیاست

وزیر اعظم پاکستان گلگت بلتستان کے متعلق کسی ملک سے کوئی سرحدی معائدہ نہیں کرسکتا، منظور پروانہ

سکردو(پریس ریلیز) پاکستان اور چین کا اقتصادی راہداری منصوبہ اور دیگر معاہدوں میں گلگت بلتستان کے عوام کے تحفظات اور خدشات کو یکسر نظر انداز کرنا یہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ گلگت بلتستان ایک متنازعہ خطہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کا منتخب نمائندہ نہیں لہذا نواز شریف گلگت بلتستان کی سرحدوں اور مفادات کے متعلق کسی بھی ملک سے کوئی معاہدہ نہیں کر سکتا ۔ گلگت بلتستان کے عوام کو اعتمادمیں لئے بغیر وزیر اعظم پاکستان نے چین کے ساتھ جومعاہدہ کیا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں ۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے خلاف کسی بھی قسم کی سیاسی اور معاشی استحصال کو مسترد کرتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ کے چئیرمین منظور پروانہ نے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ تاشقند کے ذریعے ذولفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کا 2600 مربع کلو میٹرعلاقہ چین کو تحفے میں دیا تھا جس کے بدلے میں شاہراہ قراقرم کی تعمیر عمل میں آئی تھی ، اب جبکہ 66 سال گزرنے کے بعد بھی گلگت بلتستان کی متنازعہ حیثیت برقرار ہے اور یہاں کے عوام کو پاکستان کی اسمبلیوں میں نمائندگی حاصل نہیں ہے ، ایسی صورت حال میں وزیر اعظم پاکستان اور چین کے درمیان گلگت بلتستان کا سینہ چیر کر گزرنے والی راہداری اور دیگر منصوبوں کے لئے مذاکرات میں گلگت بلتستان کے کسی بھی فرد واحد کو اعتماد میں نہیں لیا جانا یہاں کے عوام میں بے چینی کا سبب بن رہی ہے۔ کہیں اس بار اقتصادی راہداری منصوبے کی آڑ میں گلگت بلتستان کی کوئی اور اکائی چین کو تحفے میں نہیں دیاگیا ہو۔ 

منظور پروانہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت کو یہ بات ذہن میں رکھنا چائیے کہ گلگت بلتستان برائے فروخت نہیں اور نہ ہی یہاں کا ہر سیاسی رہنماء بکاؤ مال ہے ، گلگت بلتستان کے بہادر لوگ خطے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کی کسی بھی طاقت کو اجازت نہیں دے گے ۔ اگرچین گلگت بلتستان سے مخلص ہے تو یورپین یونین کی طرح یہاں کے طلباء کو چین کے تعلیمی اداروں میں دس ہزار اسکالرشپ دینے اور جگلوٹ سے کھرمنگ اولڈینگ روڈ کی تعمیر میں مالی معاونت فراہم کرے۔ میری ٹائم سلک روٹ کاگلگت بلتستان کی ستر فیصد آبادی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button