گلگت بلتستان

جنگِ آزادی کے ہیرو آنریری کیپٹن فدا علی اور میجر غلام مرتضی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، خاندان کے افراد سراپا احتجاج

ہنزہ (بیورورپورٹ) آزادی گلگت بلتستان کے ہیرو آنریری کیپٹن صوبیدار میجر فدا علی اور میجر غلام مرتضٰی (ستارہ جرأت)کے اعزاز میں سرکاری سطح پر کوئی تقریب نہ ہونے کی وجہ سے ان ہیروز کے خاندان والوں نے ایک سادہ احتجاجی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کے دوران ان دونوں ہیروز کے خاندان والوں نے نظر انداز کئے جانے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنگِ آزادی کے ہیروز کے اعزاز میں منعقد تقریبات کو چنار باغ تک محدود کر کے رکھ دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ وقت کو چاہیے کہ ہر ضلع میں شہدا کی یادگاریں تعمیر کروائے تاکہ نوجوانوں کو ان کے اجداد کی قربانیوں کے بارے میں آگاہی مل سکے اور اپنی زندگیاں اور جوانیاں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کی خدمات کو صیح معنوں میں سراہا جاسکے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر سال یکم نومبر کو گلگت بلتستان کی دیگر شہدا ء کی طرح ان ہیروز کی مقبروں پر بھی پرچم کشائی اور سلامی دی جائے۔  انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان قومی ہیروز کے نام پر ہنزہ نگر میں کیڈٹ کالجز کا قیام عمل میں لایا جائے، اور ہیروز کو قومی اعزازات سے نوازا جائے۔

خاندان کے بزرگ نے سوال کیا کہ قرآن پاک پر قسم لیکرگلگت بلتستان کی آزادی کا پرچم بلند کرنے والے نڈر ہیرو صوبیدار میجر فدا علی کا مقبرہ واقع گرلت ہنزہ یکم نومبر کے قومی دن کے موقعے پر ویران و سنسان کیوں ہے؟

خاندان کے افراد کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے تعلیمی نصاب میں ان قومی ہیروز کے کارناموں کا تفصیلی ذکر شامل کیا جائے ۔اس موقعے پر بات کرتے ہوئے ہنزہ کے بزرگ سیاست دان الطاف حسین (ستارہ جرأت)کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے بچہ بچہ ملک کی سا لمیت کیلئے اپنے جان تک نچھاور کرنے کو تیار ہے مگر حکومت پاکستان اب تک علاقے کومسلسل نظر انداز کررہا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دیں افسوس کا مقام ہے کہ ہم اب تک پاکستان کا شہری نہیں ہے ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان اس خطے کو آئینی حقوق د یکر علاقے کو قومی دھارے میں شامل کریگا۔

اس موقعے پر پاکستان مسلم لیگ ن ہنزہ کے سینئر نائب صدر شاہ گل دینار کا کہنا تھا کہ اس اہم موقعے پر کم از کم ہنزہ کے ڈپٹی کمشنر کو ان قومی ہیروز کے مقبروں پر حاضری دینا چائیے تھا میں بحیثیت ن لیگ کے ایک کارکن وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ یکم نومبر کے دن ان قومی ہیروز کے مقبروں پر پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ ان کے خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شاندار تقریبات کا نعقاد یقینی بنایا جائے گا۔یاد رہے کہ یکم نومبر آزادی گلگت بلتستان کے موقعے پرقومی ہیرو آنریری کیپٹن صوبیدار میجر فدا علی کے قیادت میں گلگت سکاوٹس نے بغاوت کا منصوبہ بندی کی تھی اور اس منصوبے کی کامیابی کے بعد ہی گلگت بلتستان کے عوام کو ڈوگر راج سے نجات حاصل ہوا تھا مگر بدقسمتی سے آج تک ان گمنام قومی ہیروز کے خدمات کو کسی بھی سرکاری و نجی سطح پر خراج تحسین پیش کرنے کی کوشش نہیں کی گئی ہے جو کہ نہایت قابل افسوس امر ہے گلگت بلتستان کے لوگوں کو جوآزادی حاصل ہوئی ہے یہ ان قومی ہیروز کی مرہون منت ہے۔ 

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button