صحت
غیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت روکنے کے لئے دیامر میں ڈرگ انسپکٹر متحرک، لیبارٹری میں جانچ کے لئے نمونے حاصل کر لئے
چلاس(بیوروچیف)ڈرگ انسپکٹر دیامر محمد مسلم کا چلاس شہر کے میڈیکل سٹورز پر اچانک چھاپے ،ادویات کی انسپکشن کی اور لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے متعدد نمونے بھی حاصل کر لئے۔ڈرگ انسپکٹر دیامر محمد مسلم نے چارج سنبھالتے ہی باقاعدگی سے غیر معیاری ادویات کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے شاہین کوٹ بازار میں واقع میڈیکل سٹورز پر بھی چھاپے مارے اور ادویات کی انسپکشن کی۔ادویات کی بل وارنٹی لائسنس ایکسپائری کا جائزہ لیا۔انہوں نے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے متعدد نمونے بھی حاصل کئے۔
ڈرگ انسپکٹر دیامر محمد مسلم نے مقامی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کی تحفظ کے لئے معیاری ادویات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔کسی کو بھی غیر معیاری ادویات کے ذریعے انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔مشکوک ادویات کو لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے باقاعدگی سے سیمپلنگ کی جائے گی۔بل وارنٹی کے بغیر دوائی غیر معیاری اور مضر صحت قرار دی جائے گی اور سٹور کو سیل اور مالک کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔کسی بھی مڈل مین اور غیر مستند کمپنیوں سے ادویات ہر گز خریدنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ضلعے کے کونے کونے چپے چپے میں تمام چھوٹے بڑے سٹورز کی انسپکشن روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔غیر لائسنس یافتہ غیر قانونی سٹورز کو مکمل سیل کر دیا جائے گا۔ایکسپائری ادویات برآمدگی پر اسی وقت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انسانی جانوں سے ظلم اور زیادتی ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔عطائی ڈاکٹرز اور نیم حکیموں کی جانب سے ایلوپیتھک ادویات کی پریسکرپشن روک دی جائے گی اور انکے خلاف بھی بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔نارکاٹکس ادویات کی خرید و فروخت قانون کے مطابق کروائی جائے گی۔اور مستند ڈاکٹرز کی پرچی پر رجسٹر میں انٹری کے بعد ادویات کی مطلوبہ مقدار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔سرکاری صحت کے اداروں میں ادویات کی چیکنگ اور لیبارٹری ٹیسٹ یقینی بنا کر عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔