متفرق

چلاس کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہر لاوارث، نمائندے سلیمانی ٹوپی پہنے منظر عام سے غائب

چلاس(مجیب الرحمان)سڑکوں کی خستہ حالی میڈیا سروے میں سیاسی سماجی راہنماء ،عوامی حلقے،اور ٹرانسپورٹرز صوبائی حکومت،محکمہ تعمیرات عامہ اور ضلعی انتظامیہ پر پھٹ پڑے۔چلاس شہر کو بے سہارا یتیم اورنظام کو اندھیر نگری اور چوپٹ راج قرار دیدیا۔علاقے کے منتخب نمائندوں نے الیکشن کے بعد سلیمانی ٹوپی پہن لی ضلعی انتظامیہ بھی خوب غفلت میں محکمہ تعمیرات عامہ بھی لمبی تان کر سو گیا ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فوری طور پر چلاس شہر کا دورہ کریں اور تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔اور عوام کو اذیت سے نکالنے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

DSCF3212

سڑکوں کی خستہ حالی سے متعلق کی جانے والی میڈیا سروے کے دوران سیاسی سماجی راہنماؤں حمایت اللہ ،محمد مشتاق،ٹرانسپورٹرز راہنماؤں حبیب الرحمان ،ظاہر خان و دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چلاس شہر میں کوئی سڑک سالم نہیں ہے۔جگہ جگہ کھڈے بنے ہوئے ہیں۔نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے سے سڑکوں پر نالیوں کا گندا پانی بہہ رہا ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کے سامنے ہی سڑکوں کی حالت زار دیکھ کر رونا آتا ہے۔سڑکوں کی مرمت اور تعمیر پر فنڈز نکالے جا رہے ہیں۔مگر کوئی بھی جگہ کہیں بھی بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔منتخب نمائندے بھی منظر عام سے غائب ہو چکے ہیں۔ضلعی انتظامیہ بھی اس اذیت ناک صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ٹرانسپورٹرز دن بھر جتنی محنت مزدوری کرتے ہیں وہ شام کو گاڑیوں کی مرمت پر ہی لگا نے پر مجبور ہیں۔سکولوں کے بچے بھی وقت پر سکول نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔مریضوں کو بھی ہسپتال پہنچانے میں دیر اور کھڈوں سے جمپ کے باعث مزید تکلیف ہو رہی ہے۔چلاس شہر کو شاہراہ قراقرم سے ملانے والی شاہراہوں سے لیکر اندرون شہر تمام سڑکیں مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہیں۔جس سے شہر کی خوبصورتی بھی ماند پڑ چکی ہے۔کچی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کے چلنے سے گرد و غبار اٹھ رہا ہے جس سے عوام مختلف بیماریوں میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان فوری طور پر چلاس شہر کا دورہ کریں اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا ادراک اوراندازہ ہو سکے۔ان حلقوں کا کہنا تھا کہ اقتسادی راہداری منصوبہ اور دیامر بھاشہ ڈیم کی تعمیر کی بدولت چلاس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔اس اہمیت کے پیش نظر چلاس کو ملک کے دیگر شہروں کے برابر لانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button