سیاست

برجیس طاہر کے بیان سے گلگت بلتستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم

گلگت (ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل) گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کے تعین میں لیگی حکومت کے یو ٹرن نے عوام کو مایوس کردیا۔الیکشن سے قبل خطے کی حیثیت کو آئینی تحفظ اور صوبے کا درجہ دلوانے کے وعدے ہوا ہوگئے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کے حوالے سے حکمرانوں کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے ۔ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام جو ہندوستان سے آزادی چاہتے ہیں وہاں حکومت ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیکر شہریت کے تمام حقوق ادا کررہی ہے تو دوسری طرف گلگت بلتستان کے عوام نے حب الوطنی کا مظاہرہ کرکے اس آزاد علاقے کا پاکستان سے الحاق کردیا لیکن ہمارے ناعاقبت اندیش حکمران گلگت بلتستان کو متنازعہ قرار دیکر تمام تر حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہیں۔حکومت گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل سے تو بھرپور استفادے کو خواہشمند ہے اور بجلی کے میگا پراجیکٹس دیامر بھاشا ڈیم، بونجی ڈیم،سکردو ڈیم اور پاک چائنا اکنامک کوریڈور کے حوالے سے بڑی بیتابی دکھارہی ہے اور جب علاقے کے عوام کوحقوق دینے کی باری آتی ہے تو حکمران خطے کو متنازعہ قرار دیکر بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی سے منہ موڑ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برجیس طاہر کے گلگت بلتستان کے حوالے سے بیان پر علاقے کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے دیگر صوبوں کے عوام کی طرح اس پاک وطن کے برابر کے شہری ہیں اور اس خطے کے عوام کی محبت کسی سے کم نہیں لیکن بد خصلت اور بد نیت حکمران ہماری حب الوطنی کو شک کی نگاہ دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ وہ کس قانون کے تحت گلگت بلتستان میں میگا پراجیکٹس کو شروع کرنے جارہی ہے جبکہ ان کے نزدیک علاقہ متنازعہ ہے۔نیب سمیت دیگر وفاقی ادارے کس قانون کے تحت گلگت بلتستان میں کام کررہے ہیں اور گلگت بلتستان کے بنجر زمینوں کو کس آئین کے تحت سرکاری تحویل میں دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام خطے کا پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں اور صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ حکمران خطے کو متنازعہ قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں موجود کسی جماعت نے بھی اس متنازعہ بیان پر اعتراض نہیں کرکے ثابت کردیا کہ تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ گلگت بلتستان متنازعہ خطہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں انہی سیاسی جماعتوں کے نمائندے صوبے کا مطالبہ کرے عوام کو بیوقوف بنانے کو ناکام کوشش کررہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button