متفرق

گلگت بلتستان میں آج جشنِ آزادی بھرپور انداز سے منائی جائے گی

گلگت( پ ر) یکم نومبر کو گلگت بلتستان بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں صوبے بھر میں مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ صوبائی دارلحکومت گلگت میں دن کا آغاز یادگار شہدا پر ایک اہم تقریب سے ہوگا جہاں گورنر گلگت بلتستان اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کی جانب سے جنگ آزادی گلگت بلتستان کے شہداء کی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیئے فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سمیت ممبران اسمبلی اور اعلی سرکاری افسران بھی موجود ہوں گے۔ اپنے اسلاف کی قربانیوں اور خطے کی آزادی کے لیئے دی گئی جانی و مالی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے یہ تقریب ہر سال یکم نومبر کو منائی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ محکمہ تعلیم کی جانب سے آزادی کے دن کی مناسبت سے سکولوں اور کالجز میں تقریری مقابلوں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جہا ں پر مقررین یکم نومبریوم آزادی کی جنگ میں گلگت بلتستان کے شہداء کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ یکم نومبر کے دن محکمہ سیاحت گلگت بلتستان اوراور حلقہ ارباب ذوق کی جانب سے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں پاکستان اور گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لیئے دعاء کی جائے گی ۔

یوم آزادی گلگت بلتستان کے اہم دن کے موقع پر ریڈیو پاکستان گلگت اور سکردو سٹیشنزپر بھی خصوصی نشریات ہونگی جن میں ملی نغمے، تقاریر، آزادی کے ہیروز کے انٹرویوز اور وزیر اعلی گلگت بلتستان اور گورنرگلگت بلتستان کی جانب سے خصوصی پیغامات نشر کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ریڈیو پاکستان گلگت سے صوبے بھر میں یوم آزادی کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات کی کوریج بھی کی جائے گی اور مقامی اور قومی نشریاتی رابطے پر تقریبات کی رپورٹس بھی نشر کی جائیں گی۔ گلگت سٹیشن سے یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے خصوصی ڈاکیومینٹریز نشر کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جن میں آزادی اور اس کے لیئے دی گئی قربانیوں کا خصوصی تذکرہ کیا جائے گا۔ آذادی گلگت بلتستان کے موقع پر ریڈیو پاکستان کی جانب سے خصوصی ٹاک شوز اور مذاکرے بھی نشر کئے جا رہے ہیں جس میں اہم شخصیات او ر طلباء آزادی کی نعمت اور اپنے ہیروز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ جشن آزادی گلگت بلتستان کے سلسلے میں خصوصی نشریات کا سلسلہ نومبر کے پورے مہینے جاری رہے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button