تعلیم

بلتستان یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، ابراہیم ثنائی

گلگت ( پ ر) صوبائی وزیر تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کے چئیرمین سے ان کی ملاقات میں نہایت ہی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور بہت سارے امور طے کئے جا چکے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ بہت جلد بلتستان میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئے گا اور یہ نہ صرف بلتستان کے لیئے بلکہ پورے خطے کے لیئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ تعلیم یافتہ معاشرے اور جہالت زدہ معاشرے میں بہت بڑا فرق ہے اور وہی قومیں ترقی کی منزلیں طے کر سکتی ہیں جو تعلیمی میدان میں اپنا لوہا منوا سکتی ہیں۔ آج کا دور سائینس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ہمارے نوجوانوں کو اس شعبے میں اپنی مہارت کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری نئی نسلوں کی فلاح اس بات میں ہے کہ وہ حصول تعلیم کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیں اورمثبت سرگرمیوں کو اپنائیں۔ صوبائی حکومت نئی نسل کو مایوس نہیں کرے گی اور میرٹ پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیئے حکومت کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ گلگت بلتستان میں ملازمتوں اور دیگر شعبوں میں میرٹ کا سختی سے نفاز کیا گیا ہے جس کی بدولت محنتی اور قابل افراد اپنی منزلیں پا سکیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ رشوت اور سفارش کلچر کے خاتمے کے لیئے سرکاری نظام کو خامیوں سے پاک کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی حقدار کی حق تلفی نہ ہو سکے۔ نوجوانوں کو نوکریوں کے لیے کسی بھی وزیر ، مشیر اور افسران کی خوش آمد کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہوگی ۔ اس راہ میں مشکلا ت حائل ہیں مگر جلد ہی انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیئے ہم درست راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم میں کئی جانے والی اصلاحات کا بھی زکر کیا اور کہا کہ میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیئے ان کی ٹیم نے تہیہ کیا ہو ا ہے کہ کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button