گلگت بلتستان

صوبائی حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے لئے بجٹ میں ساڑھے تین ارب سے زیادہ رقم رکھی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات

گلگت(پ ر) گلگت بلتستان حکومت نے وزیر اعلی حفیظ الرحمن کی سربراہی میں مختصر عرصے میں ہی اہم ترقیاتی کام کیئے ہیں۔ گلگت شہر میں توانائی کا بحران حل کرنے کے لیے 16میگا واٹ کا نلتر منصوبہ بھی واپڈا اور ہیوی میکینکل کمپلیکس کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو ہمارے دور میں ہی مکمل کیا جائے گا، حکومت کا ہر اقدام عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی قیادت میں ساری کابینہ کی توجہ اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے۔ ہم ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ان سے کئے جانے والے تمام وعدے پورے ہونگے۔ توانائی کے شعبے کو ترقی دینے کے لیئے صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کا زیادہ سے زیادہ ترقیاتی بجٹ اس شعبے کے لیے مختص کیا ہے تاکہ خطے سے ہمیشہ کے لیے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جاسکے۔ رواں مالی سال میں بجلی کے منصوبوں کے لئے صوبائی بجٹ میں ساڑھے تین ارب سے زیادہ رقم رکھی جا چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے زریعے شروع کئے جانے والے توانائی کے اہم منصوبے ہمارے دور میں ہی مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے سستے زرائع کی موجودگی کی بناء پر آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان نہ صرف بجلی کے شعبے میں خود کفیل ہوگا بلکہ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد اضافی پیداوار پاکستان کے دیگر شہروں کو بھی مہیا کی جا سکے گی۔ ہرپو میں 34.20میگاواٹ، ہینزل 20میگاواٹ سمیت KIUاور پھنڈر کے میگا منصوبوں سے 180میگاواٹ سے زائد بجلی کی پیداوار ممکن ہے اور یہ منصوبے سی پیک کے تحت چین کے تعاون سے مکمل کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات اقبال حسن نے کہا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہماری حکومت زبانی جمع خرچ کی بجائے مربوط پلاننگ اور جامع حکمت عملی کے تحت خطے میں طویل المیعاد اور معیار ی منصوبوں کی تکمیل کے لیئے کمر بستہ ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button