متفرق
گلگت بلتستان میں چھٹی خانہ مردم شماری 2017 سے متعلق جاری فیلڈ آپریشن کے پہلے مرحلے کا پہلا دورانیہ مکمل
گلگت (پ ر) محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان سے موصول شدہ خبر کے مطابق سخت سردی کے باوجود گلگت بلتستان کے پانچ اضلاع گلگت، غذر، نگر،سکردو اور گانچھے میں خانہ و مردم شماری کے پہلے مرحلے کا پہلا دورانیہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے ۔
پہلے فیز کے 720 بلاکوں میں سے361 بلاکوں کا سو فیصد کام 27 مارچ کی شام تک شمارکنندوں نے انتہائی محنت سے مکمل کرلیا ہے۔ باقی 359 بلاکوں کا کام 31 مارچ 2017 سے شروع ہوکر 15 اپریل 2017 سے قبل مکمل کر لیاجائے گا۔
اسکے بعد 25 اپریل 2017 سے باقی پانچ اضلاع ہنزہ،دیامر،استور،شگر اور کھرمنگ میں دوسرےحلے کا آغاز ہوگا۔
محکمہ شماریات کے سنسس کوآرنیٹر محمد شفیق شاد نے ضلع غذر کے پنیال،گاکوچ،گوپس،پھنڈر،اشکومن اور یٰسین،اسی طرح گلگت اور اسکو نواحی دیہاتوں جگلوٹ،کارگاہ،بگروٹ ویلی ،حرام موش ویلی،شہری علاقے اور ضلع نگر کی تحصیل نگر 1 اور نگر-2 کی ہوپر،ساس وادی اور ملحقہ گاؤں میں فزیکلی جاکر عملے کے کام کو چیک کیا، درستگی کی،سمجھایا اور رہنمائی کی۔اسی طرح سید راحت علی ایس او محکمہ شماریات گلگت نے بلتستان کے سکردواور گانچھے کے اضلاع میں اپنے فرض کو نبھایا۔ اسکے علاوہ اسی محکمے کے معاونین شماریات اپنے اپنے اضلاع میں دن رات مستعدی سے کام کررہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سنسس فیلڈ آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں جی بی کی صوبائی و ڈویژن وضلعی انتظامیہ کے افسران پوری مستعدی سےسرگرم عمل ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سنسس سیکورٹی پلان کے مطابق پولیس افسران اور اہلکار بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے نظر آرہے ہیں جس کی وجہ کوئی ناخوشگوار واقع دیکھنے کو نہیں ملا۔ اسی طرح ملٹری فورس کے جوانوں کی کارگردگی بھی لائق تحسین ہے۔