متفرق

ایس سی او گلگت بلتستان میں تھری جی اور فور جی سہولیات کی فراہمی جلد یقینی بنائے، ناشاد

گلگت(پ۔ر) سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے کہا ہے کہ ایس سی او گلگت بلتستان میں 3G اور4G سہولت کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنائیں۔بلتستان کے بیشتر پہاڑی علاقے تاحال موبائل سروس کی سہولت سے محروم ہیں ان علاقوں میں بھی موبائل سروس کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایس سی او کے سیکٹر کمانڈر عمران بھٹی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے۔سپیکر نے سیکٹر کمانڈر کے ساتھ ایس سی او کے ترقیاتی معاملات پر تفصیل سے گفتگو کیا اور علاقے میں ایس سی او کی جانب سے فراہم کردہ مواصلاتی سہولیات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔اس موقع پر سپیکر نے ایس سی او کی جانب سے بلتستان ریجن کی یونین کونسل گول میں جو مواصلاتی سہولیات دئیے گئے ہیں ان کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں پر طاقتور ٹاور نصب کرے تاکہ یونین گول کے ساتھ ساتھ پرم بروق تا سو غوڑو، نربوچونگ کے دیہاتوں کو بھی موبائل سروس کی سہولت میسر آسکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقہ کتی شوکے ہزاروں نوجوان سعودی عرب،عرب امارات،ایران،عراق اور اندرون ملک مختلف صوبوں میں محنت مزوری کررہے ہیں اور موبائل سروس نہ ہونے کی وجہ سے انکو اپنے عزیزو اقارب سے رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس لیے یونین کونسل کتی شو میں بھی موبائل ٹاور نصب کر کے لوگوں کے لیے رابطے کی سہولیات فراہم کیے جائیں۔

سپیکر نے یہ بھی بتایا کہ ڈورو اورشیلا کے علاقے بھی موبائل سروس سے محروم وہاں بھی ٹاور نصب کیا جائے۔سپیکر نے علاقہ گلتری کے حوالے سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ یہ علاقہ ہر سال شدید برف باری کے باعث آٹھ مہینے ملک کے دیگر حصوں سے کٹا رہتا ہے۔یہاں کے لیے بھی مواصلاتی سہولیات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔

ایس سی او کے سیکٹر کمانڈر نے سپیکر کی تجاویزکو معقول قرار دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ گلتری میں موبائل سروس کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لیا جائیگا اور 3G ،4G پر کام آئندہ ماہ مکمل کیا جائے گا اور یہ سروس پورے گلگت بلتستان پر محیط ہوگی۔

انہوں نے یقین دلایا ایس سی او کی کوشش ہوگی کہ آنے والے وقتوں میں گلگت بلتستان کے تما م علاقوں کو موبائل سروس کی فراہم کیا جائے اور جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر موبائل سروس کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائینگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button