سیاست

صوبائی حکومت سیکیورٹی کے نام پر بلاول بھٹو کے دورہ سکردو میں روڑے اٹکا رہی ہے، افواہیں بے بنیاد ہیں، سعدیہ دانش

گلگت(پ ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے دورہ سکردو کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،وہ 14 مئی کو سکردو جلسے سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو کی آمد اور سکردو جلسے کے اعلان پر گلگت بلتستان کے عوام میں نیا جوش و جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا ہے جس سے صوبائی حکومت کی بنیادیں ہل گئی ہے ،اس ساری صورتحال سے گھبرا کر وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت بلاول بھٹو کے دورے کی راہ میں سکیورٹی کے نام پر روڑے اٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ سکردو میں 14 مئی کو جلسہ ہرحال میں ہوگا اور گلگت بلتستان بھر کے پارٹی قائدین اور ہزاروں کارکن بھرپور شرکت کریں گے،کارکن اور جیالے پوری لگن اور محنت سے بلاول بھٹو کے استقبال اور سکردو جلسے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلسے کا بنیادی مقصد حق ملکیت حق حاکمیت اور گلگت بلتستان کے بنیادی اور اہم ترین ایشوز ہیں جن پر وفاقی اور صوبائی حکومت آنکھیں بند کئے بیٹھی ہے، پیپلز پارٹی کے گزشتہ سال نومبر میں گلگت میں ہونے والے تاریخی جلسے کے بعد اور 14 مئی کے جلسے سے قبل ہی نام نہاد شیر ڈھیر ہوچکے ہیں۔اور ان کی پوری کوشش ہے کہ بلاول بھٹو کو سکردو آنے سے روکا جائے،دراصل بلاول بھٹو کا یہ دورہ صوبائی حکومت کی ڈوبتی ناؤ کے لئے ایک بہت بڑے طوفان کا پیش خیمہ ہے اور پارٹی کے جانثار کارکن پارٹی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button