تعلیمگلگت بلتستان

درخشان مستقبل کے لئے تعلیمی نظام کی مسلسل بہتری لازمی ہے، گوجال میں پہلی تعلیمی کانفرنس کا اعلامیہ جاری

گلمت (فرمان کریم بیگ) ضلع ہنزہ کے بالائی علاقے گلمت گوجال میں منعقد دو روزہ تحصیل سطح کی تعلیمی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ علاقے کے درخشاں مستقبل کے لئے معیاری تعلیم کی فراہمی ناگزیر ہے۔ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ترقی کے سترہ مقاصد میں سے ایک مقصد تعلیم تک رسائی اور تعلیمی نظام کی بہتری ہے، اور اس ہدف کے حصول کے لئے مقامی، علاقائی اور قومی سطح کے اداروں کی اجتماعی کوششیں درکار ہیں ۔ اعلامیے میں سکولوں کے منتظمین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے اہداف اور مقاصد کو جدید اُصولوں اور ضروریات کے حساب سے ڈھالنے کی پالیسی اپنا ئے ۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور اسی طرح کے دوسرے مواقع سے خاطر خواہ فائدہ اُٹھانے کے لئے طلبا و طالبات کو جدید علوم، مہارتوں اور کاروباری نظام کے بارے میں تعلیم فراہم کرنا لازمی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مسلسل بہتری کے ذریعے سے اساتذہ اور طلبا اس قابل ہو سکتے ہیں کہ مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کر سکیں اور علاقے کی ترقی کا سفر جاری رہ سکے ۔ جدید سائنسی علوم، انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی تک رسائی، اساتذہ کے لئے تعلیم و تربیت کے مواقعے فراہم کرنا، اور طلبہ و طالبات کی مالی ضروریات کو پوری کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سکولوں ، اساتذہ اور طلبہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سہولیات ، مشکلات اور مواقع کا مسلسل جائزہ لینا لازمی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی پالیسی بناتے وقت مقامی آبادیوں کی ضروریات اور ان کے مشکلات کو سامنے رکھنے کے علاوہ پالیسی میں ان کی رائے کو شامل کرنا لازمی ہے۔ اسطرح کرنے سے مسائل اور وسائل کر بہتر طریقے سے استعمال کرتے ہوے تعلیم کے ذریعے ترقی اور تبدیلی کے عمل کو تیز کیا جاسکتا ہے۔

کانفرنس کے اختتامی روز سابق ممبر قانون ساز اسمبلی مطابعت شاہ نے کہا کہ وادی ہنزہ نے خاص طور پر اور گلگت بلتستان نے بالعموم سبتا بہت کم عرصے میں تعلیمی میدان میں کافی کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابیوں کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لئے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور اپنے وسائل اور مہارتوں کو اکٹھا کر کے اجتماعی مقاصد کے حصول کے لئے کوششیں کرنی ہوگی۔ انہوں نے کانفرنس کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوے امید ظاہر کی کہ یہ علمی سلسلہ اسی طرح مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اس موقعے پر اسماعیلی ریجنل کونسل برائے ہنزہ کے صدر شریف خان نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے معاشرے کو جدید زمانے کی مشکلات کاسامنا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

کانفرنس کے دوسرے دن مہنازفاطمہ سکول کے امان اللہ، آغا خان یونیورسٹی پی ڈی سی این کے شیریف اللہ، اے کے آر ایس پی کی یاسمین کریم ، روپانی فاونڈیشن کے ذمہ داروں، ابراہیم بیگ ، اعجاز کریم اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

کانفرنس کے دوسرے دن بہترین اساتذہ، طلبا وطالبات اور سکولوں کے منتظمین کو ایوارڈذ سے بھی نوازا گیا، جبکہ تمام شرکائے کانفرنس کو اسنادبھی دئے گئے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button