سیاحت

 وادی حراموش ناقابل فراموش

 تحریر: مستنصر حسین شاہ سرال
تصاویر: انٹرنیٹ/گوگل

وادی ’’کٹوال حراموش‘‘ پاکستان کی خوبصورت ترین وادیوں میں سے ایک ہے، جو گلگت کے شمال میں تقریبا 80 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے. اِس کی کُل آبادی تقریباً 3000 نفوس پر مشتمل ہے۔ یہاں کے لوگ بہت ہی سادہ، خوش مزاج اور مہمان نواز ہیں۔

زیادہ تر افراد زراعت اور مال مویشی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی طرح یہاں کے لوگ بھی اجتماعی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور بہت سارے اجتماعی کام اپنی مدد آپ کے تحت کرتے ہیں، جن میں سے  ایک نمایاں کام بجلی گھر کی تعمیر ہے، جس کو گاؤں کے ٹرافی ہنٹنگ فنڈز سے بنایا گیا ہے۔

اگراِس وادی کی فطرتی خوبصورتی کی بات کی جائے توسر سبز وادی کٹوال اللہ تعالیٰ کے تخلیق کردہ خوبصورت ترین شاہکاروں میں سے ایک ہے۔ یہاں دنیا کے مشہور پہاڑ واقع ہیں۔

جن میں بیلچھار دوبانی (6134m)، حراموش پیک ون(7400m)، حراموش پیک ٹو(6666)، لیلیٰ پیک(6986)  اور دیگر بھی کئی پہاڑ شامل ہیں۔ جب کہ یہاں مارخور کی کئی اقسام بھی پائی جاتی ہیں، جن کا شکار حکومت گلگت بلتستان سے اجازت نامہ لے کر کیا جاسکتا ہے۔

پہاڑوں کے سینے میں واقع یہ حسین اور دلکش وادی اپنی مثال آپ ہے۔ حراموش میں وادی کٹوال دل کی سی حیثیت رکھتی ہے۔ اِس وادی کو دیکھ کر پاکستان کے نامور ناول نگار اور مصنف جناب مستنصر حسین تارڈ صاحب نے کہا تھا،

’’حراموش ناقابل فراموش‘‘

وہ اسی عنوان سے ایک کتاب بھی لکھ رہے ہیں اور انہوں نے اِس وادی کو پاکستان کی خوبصورت ترین وادی قرار دیا ہے۔ اس کی ایک وجہ وادی میں مہمانوں کو خوش آمد کہنے کے نرالے انداز ہیں۔ جیسے ہی کوئی وادی کا رخ کرتا ہے پھلوں کے خوشبوں سے یہ وادی اُس کا استقبال کرتی ہے۔ لہلہاتے درخت جھومںا شروع کرتے ہیں، بلند و بالا پہاڑ آپ کو تکتے ہی خوش آمدید کہتے ہیں اور کہیں گماں ہوتا ہے  پہاڑ بھی انگڑائی لیتے ہیں جس سے اُن کی اوڑھائی گئی سفید برفیلی چادر سرکتی ہے تو قوس قزح بھی نظرآتی ہے۔

برف یوں بکھرتی ہے جیسے چیری کے پھول چیری کے درخت سے گرتے ہیں۔ بلند پہارڑوں سے گرتے آبشاروں کی سریلی آوازیں گویا بانسری کی دھنیں ہیں جسے سنتے ہی انسان کی ذہنی تھکان دور ہوجاتی ہے اور راستے میں جابجا بہتے چشمے ہر آنے والے کے لئے آبِ شفا کی سبیلیں لگائے بیٹھے ہیں جس کے چند قطرے گلے سے اترتے ہی انسان ہر دکھ درد بھول جاتا ہے۔

وادی کی دل لبھانے والی چمکتی شفاف جھیلیں، ہرے میدان اور ان میں اُگے ہوئے مختلف قسم کے  پھول جو آنے والے کے قدموں میں گرتے جاتے ہیں۔ رنگ برنگے مور، چکور اور چڑیوں کی چہچہانے کی آوازیں، بھیڑوں کے ریوڑ، بکریوں کے پھرتیلے بچے جو آپ کو دیکھتے ہی آپ کی جانب لپک آتے ہیں۔

ان سب کو دیکھ کر آپ کو گماں ہوتا ہے کہ زمین ایسی حسین ہے تو جنت کا عالم کیا ہوگا؟ لیکن بدقسمتی سے حکومت کی عدم تشہیر اور کم توجہ کی وجہ سے سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہے۔ اگر حکومت تھوڑی سی بھی توجہ دے تویہ وادی پاکستان کی نہ صرف پہچان بن سکتی ہے بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے بہترین مواقع بھی میسر آسکتے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button