عوامی مسائل

ہنزہ: مذاکرات کے بعد بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج ایک ہفتے کے لئے موخر

ہنزہ ( بیورو رپورٹ )بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور محکمے کی غفلت کے حوالے سے بازار ایسوسی ایشن ، ہوٹل انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ یونین کااسسٹنٹ کمشنر ہنزہ شہر یار خان کے ساتھ کامیاب مذاکرات، یقین دہانی پر احتجاج ایک ہفتے کے لئے موخر۔

اس موقع پر کاروباری حضرات نے انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ایگریکٹو انجینیر بی اینڈ آر نہ صرف جھوٹے وعدے کرنے میں ماہر ہے، بلکہ ہنزہ میں بننے والے پاور منصوبوں کو ملتوی کرنے میں بھی ان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسین نے مقامی انتظامیہ، سابقہ چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان  اور دیگر ذمہ داران کو پچھلے کئی سالوں سے جھوٹے بریفنگ دیتے ہوئے اندھیرے میں رکھا ہے۔ اب موصوف مسگر پاور پروجیکٹ کو جون سے قبل فعال کرنے کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔ مسگر پاور منصوبہ کو فعال کرنا دور کی بات، ایکسین کی زیر نگرانی ہنزہ میں نصف ون میگاواٹ تھرمل جنریٹر اور 1.2ہائیڈل پاور پراجیکٹ کو بھی خراب کردیا گیا ہے، اور مرمت کے نام پر پیسے کمائے جارہے ہیں۔

 اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ہنزہ نے بازار ایسوسی ایشن ، ہوٹل اور ٹرانسپورٹ یونین سے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد محکمہ برقیات گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو بھی اعتماد میں رکھتے ہوئے ہنزہ میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر بریفنگ دینگے اور اس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر حل نکالنے کی کوشش کرینگے۔

اجلاس کے بعد متعلقہ کاروباری حلقوں نے میڈیا کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہنزہ کے عوام ماہ صیام میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں مبتلا ہیں، مگر ہمارے سیاسی نمائندے اپنے حلقے سے دور بیٹھ کر تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندوں کی رہائش گاہوں اور ان کے کاروباری مراکز پر بجلی جلتی ہے ان کو کو ئی پرواہ نہیں عوام کو بجلی ملے یہ نہ ملے۔ دوسری جانب انتخابات میں حصہ لینے والے ہمارے وہ نمائندے جو بڑے بڑے دعدے کرتے ہوئے ووٹ لینے کے لئے آئے تھے، اس مشکل گھڑی میں عوام کی آواز بننے کی بجائے خاموش کونوں میں دبکے بیٹھے ہوے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button