صحت

آغا خان ہیلتھ سروس کے زیر اہتمام ششکٹ گوجال میں ماں کے دودھ کی اہمیت پر آگاہی سیشن اور ریلی کا انعقاد

ہنزہ ( نامہ نگار) ماوں اور بچوں کی صحت بہتر بنائے بغیر صحتمند معاشرے کی تعمیر کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ہے۔ ماں کا دودھ بچوں کیلئے بہترین غذا ہے۔ بازار سے دستیاب دودھ اور فارمولے کبی بھی ماں کے دودھ کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ قرآن پاک میں بھی ماں کے دودھ کی اہمیت واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔ ماوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ہر ممکن کوشش کر کے اپنا ہی دودھ پلائیں، تاکہ ان کے بچوں کی صحت بہتر رہے، ان میں بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا ہو، اور ان کی ذہنی نشوونما کے لئے درکارغذائیت ہمیشہ میسر رہے۔ بچوں کو اپنا ہی دودھ پلانے سے ماوں کی اپنی صحت بھی اچھی رہتی ہے اور ان میں بعض خطرناک بیماریاں، مثلاً ذیابیطس، کینسر کے بعض اقسام اور دمہ، پیدا ہونے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کے زیرِ اہتمام ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر کرنے لئے ضلع ہنزہ کے بالائی علاقے گوجال میں واقع ششکٹ گاوں میں بروز پیر منعقدہ آگاہی سیشن کے دوران مقررین اور ماہرین نے کیا۔

آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوے ماہرین نے کہا کہ ماوں اور بچوں کی صحت کے لئے دیرپا اور مستحکم نظام قائم کرنے کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ماوں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد مختلف وجوہات کی بنا پر گلگت بلتستان میں موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ان اموات کی ایک بہت بڑی وجہ مناسب، اور متوازن خوراک کا عدم استعمال ہے ، جس کی وجہ سے ماوں کی صحت بہتر نہیں رہتی، اور اس کے اثرات بچوں میں بھی نمودار ہوتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ ماوں اور بچوں کی صحت کے حوالے سے شعور کی بیداری اور سہولیات اور خدمات کی بروقت فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آگاہی سیشن کے بعد شرکا نے گاوں کے وسط سے عطاآباد جھیل کے کنارے تک ریک ریلی بھی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اُٹھا رکھے تھے، جن پر ماں کے دودھ کی افادیت اور بچوں کی اچھی ذہنی اور جسمانی صحت کے لئے اس کی ناگزیریت کے بارے میں جملے اور نعرے درج تھے۔

آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان گزشتہ چھ دہائیوں سے گلگت بلتستان اور چترال سمیت پاکستان بھر کے مختلف علاقوں میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اسوقت گلگت بلتستان اور چترال میں ساٹھ سے زائد صحت کے بڑے، درمیانے اور چھوٹے مراکز آغا خان ہیلتھ سروس کے زیرِ اہتمام چل رہے ہیں، جن سے ہر سال لاکھوں افراد مستفید ہوتے ہیں۔ صحت کے بعض بڑے مراکز حکومت گلگت بلتستان، حکومت خیبر پختونخواہ اور آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹرنر شپ کے اُصول کے تحت چلائے جارہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button