عوامی مسائل

تھک نیاٹ کے مکینوں کا چلاس میں احتجاجی جلسہ، حقوق کے لئے لڑنے کا اعلان

چلاس(خصوصی رپورٹر)تھک نیاٹ یوتھ قومی مومنٹ کے زیر اہتمام چلاس میں ایک بڑا احتجاجی اجتماع منعقد ہوا ۔اس عوامی اجتماع میں سینکڑوں کی تعداد میں افراد شرکت تھے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تھک داس میں عوام کے ہزاروں گھر آباد ہیں ہم اپنے گھروں سے بے گھر ہو کر اراضی سرکار کو کسی قیمت پر نہیں دیں گے ۔ اگر ہمارے ساتھ چھیڑا گیا تو ہزاروں عوام حق ملکیت اور حق حاکمیت کی تحریک کا آغاز دیامر سے بھی کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ہمیں نہ تو کوئی عدالتی ایوارڈ منظور ہے اور نہ ہی کوئی معاوضہ چاہئے ہمیں اپنی زمین درکار ہے ۔

مقررین نے کہا کہ تھک کے نیاٹ بابوسر کے 30 ہزار عوام ایک نکتے پر جمع ہیں اور یہ عوام تھک نیاٹ یوتھ قومی مومنٹ کے پشت پر کھڑے ہیں۔ ہم ہر قیمت پر اپنے حقوق کا دفاع کریں گے اگر کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لینے کی کوشش کی تو سخت قسم کا ردعمل ہوگا جس کی ذمہ داری موجودہ صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ واپڈا اور انتظامیہ کو ہوش کی ناخن لینے کی ضرورت ہے لوگوں کو بے گھر کر کے ماڈل کالونیاں نہیں بن سکتی اور نہ ہی طاقت کے ذریعے ڈیم بن سکتا ہے ۔ تھک نیاٹ بابوسر کی عوام وہ واحد عوام ہے جس ے مفادات کے بغیر ڈیم کی حمایت کی ہے آج چند کرپٹ بیوروکریٹس عوام اور حکومت میں غلط فہمیوں کے ذریعے عوام کو دیامر ڈیم سے متنفر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تھک داس تھک والوں کی ملکیت ہے اور آج ہزاروں افراد گھر بار کے ساتھ گذشتہ 5 سالوں سے مقیم ہیں 5 سالوں سے واپڈا اور حکومت کہاں تھی اب فقط ایک بیوروکریٹ کی اراضی کو بچانے کیلئے کوئی بھی اقدام ہوا تو سخت جوابی ردعمل ہوگا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر تھک نیاٹ یوتھ قومی مومنٹ ضیا اللہ تھکوی نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے کسی بیوروکریٹ کی باتوں میں آکر ہمارے خلاف کوئی اقدام اُٹھایا تو پھر اہلیان تھک نیاٹ ایسا رد عمل دیں گے جس کی گلگت بلتستان میں کوئی مثال نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف اگر حکومت نے یہی رویہ اپناکر مزید غلط پالیسیاں بنائیں تو پھر جلسے نہیں ہونگے کچھ اورہوگا ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی مشتاق نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف حکومتی سطح پر سازشیں کی جارہی ہیں وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری نے تھک کے لوگوں کے خلاف سب سے بڑی سازش کی ہے اور حالات کو خون خرابے کی طرف لے جانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھک داس کی اراضی ہماری ملکیتی ہے اگر کسی نے مداخلت کیا تو سخت رد عمل آئیگا ۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ‘مولانا عبد الخالق’ مولانا مطیع الحق’ نمبردار براق’ مولانا محمد دین’ قاری شبیر’ صدر بازار کمیٹی حاجی عبد المالک’ حاجی میون اور مولانا محفوظ و دیگر نے کہا کہ عوامی ملکیتی اراضی کے خلاف سازشیں برداشت نہیں ہونگی ،دیامر میں پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کے لیئے کالونیاں بنائی جارہی ہیں جبکہ پاکستان کیلئے قربانی دینے والوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے جو کہ ظلم و بربریت کی بدترین مثال ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button