تعلیم

فرقہ واریت امن اور ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے: سعدیہ دانش

03
گلگت( پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و مشیر سیاحت ، کھیل و ثقافت سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ امن کے بغیر ترقی اور تعلیم کے بغیر امن کا خواب شرمندہ تعیبر نہیں ہو سکتا۔ معاشرے کو پر امن بنانے کے لیے تمام مکاتب فکر کو مسلکی سوچوں سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ جگلوٹ ڈموٹ میں ایک نجی سکول کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تمام مکاتب فکر کو مثبت سوچ لے کر چلنے کی ضرورت ہے ۔ سعدیہ دانش نے علاقے میں فرقہ واریت کو امن اور ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کا امن تعلیم و ترقیسے مشروط ہے ۔ امن سے ہی علاقہ ترقی کے منازل طے کر سکتا ہے اور بنیادی تعلیم کے ذریعے ہی یہ سب ممکن ہے ۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی بنیادی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں ۔ ہمیں اپنے اندر قوت برداشت کو تقویت دینا ہوگی ۔
01
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ثقافت ہماری پہچان ہے اوراہم اپنی پہچان کو کبھی کھونا نہیں چاہتے اور جو قومیں اپنا کلچر کھوتے ہیں ان کا نام دنیا میں مٹ جاتا ہے ۔ صوبائی وزیر سعدیہ دانش نے تعلیم کے میدان میں آگے آنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم کے ذریعے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا بنیادی منشو ر ہی تعلیم اور وومن امپاورمنٹ ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے جگلوٹ ڈومٹ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سپورٹس گراؤنڈ ، واٹرسپلائی سکیم ، سئی بالا گرلز سکول کی اپ گریڈیشن ، وومن وکیشنل ٹریننگ سنٹر کا قیام ، نجی سکول کی لائبریری کے لیے فنڈ کا بھی اعلان کیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی نوعیت کے حامل تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھی کوشاں ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی ضروریات پوری ہوں ۔ اس موقع پر لفٹننٹ کرنل ساجد رسول خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں خوبصورت ترین تحفہ والدین ہیں ۔ ان کا ادب و احترام سے ہی ہم دنیا اور آخرت میں سر خرو ہو سکتے ہیں ۔ اس طرح پاکستان ہماری دھرتی ہے اور ماں کا درجہ رکھتی ہے اس کی آبیاری کے لیے ہمیں جدوجہد کرنا چاہیے ۔ تقریب سے سکول کے پرنسپل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکول کے طلباء و طالبات نے مختلف خاکے ، ملی نغمے اور وطن سے محبت اور یگانگت کے گیت بھی گائے۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button