اسلام آباد(پ،ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ کی قیادت میں ایک وفد نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی جس میں سینئر نائب صدر جمیل احمد،سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، محمد علی اختر اور آفتاب حیدر شامل تھے۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت اور تعمیر و ترقی خصوصا اقتصادی راہداری کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان میں وفاق کے ساتھ انتخابات ہونے چاہئیں اور وقت آنے پر اس حوالے سے قانون سازی اور ضروری اقدامات کرینگے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں لاگو کئے جانے والے غیر آئینی اور غیر قانونی ٹیکس کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔اس ٹیکس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے استحصال کو کبھی بھی برداشت نہیں کرے گی۔آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کو صوبائی سیٹ اپ اور شناخت دے کر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا وعدہ پورا کیا۔گلگت بلتستان کو اقتصادی راہداری کے ثمرات دلانا پیپلز پارٹی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔
بلاول بھٹو نے صوبائی کابینہ کی کارکردگی کو سراہا اور نگر کے انتخابات کی کامیابی میں محمد علی اختر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں۔
صوبائی کابینہ کی درخواست پر پارٹی چیئرمین نے ذیلی تنظیموں کی دوبارہ تنظیم سازی کے لیے امیدواروں سے انٹرویو کا فیصلہ کیا۔ملاقات میں میڈیا کی اہمیت اور کردار پر زور دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کو زیادہ موثر اور فعال کرنے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے میڈیا سے منسلک کارکنوں کی تربیت کے لئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا
۔صوبائی صدر نے پارٹی چیئرمین کو گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم سازی سے آگاہ کیا۔اس ملاقات میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سکریٹری اطلاعات چودھری منظور بھی شامل تھے۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔