
چترال( محکم الدین ) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے روئیے سے ثابت کردیاہے کہ انہیں ملک سے نہیں بلکہ دولت سے پیار ہے اور جب عدالت نے پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد لند ن میں خریدے گئے چار محلات کے لئے ذرائع کے بارے میں پوچھا تو اس نے عدالت کے ساتھ قوم اور پارلیمنٹ کے سامنے بھی جھوٹ بولا اور نااہل بن گئے اور آج ان کی جھوٹ کی حقیقت ایک ایک ہوکر عیاں ہورہے ہیں۔
بدھ کے روزچترال پولوگراؤنڈ میں بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چترال کو دو اضلاع میں تقسیم کرکے اپر چترال کا ضلع بنانے پر چترال کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ چترال اور بلتستان کے لوگ انتہائی مہذب اور نفیس ہیں اور جو ڈسپلن ان لوگوں میں پائی جاتی ہے، وہ ملک کے دیگر حصوں کے لئے مثا ل ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اب پہلی بار ان کی جدوجہد کے نتیجے میں بڑے بڑے لوگ کرپشن میں دھر لئے گئے ہیں اور کوئی کرپٹ سیاستدان بچ کر نہیں نکلے گا اور اگلے سال کے انتخابات میں یہ قوم ان کرپٹ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دے گی۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم، ماحولیات، مالیات اور انتظامی اصلاحات وہ چار نکات ہوں گے جن پر پی ٹی آئی کی اگلی حکومت بھر پور توجہ دے گی جن کے ساتھ ملک کی ترقی وحوشحالی کا راز وابستہ ہے اور اب تک کسی حکومت نے ان پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتی اور تمام ترقی یافتہ ممالک نے سب سے پہلے اپنی تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی لے آئی اور ماحولیات کو بھی صحیح خطوط پر استوار کئے بغیر کوئی ترقی ممکن نہیں ہے جوکہ ہمارے ظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں تباہ ہوکر رہ گئی اور یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ اس صوبے میں اے این پی اور ایم ایم اے کے دور حکومتوں میں مجموعی طور پر 200ارب روپے مالیت کے جنگل غیر قانونی طور پر کاٹی گئی تھی جس کے ازالے کے لئے ہم نے بلین ٹری سونامی شروع کی جوکہ کامیابی سے جاری ہے۔





