لندن (پ ر) وزیر اعلی گلگت بلتستان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان انتظامی طور پر پاکستان کا پانچواں صوبہ ہے۔ مزید اختیارات کے لئے سرتاج عزیز کی سربراہی میں کمیٹی نے اپنا کام مکمل کیا ہے میں بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں ،وزیر اعظم کی میز پر سفارشات پہنچ چکی ہیں ،آئینی اور قانونی طور پر اہم اداروں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو شامل کیا جا رہا ہے۔
گلگت بلتستان میں سیاحتی انقلاب آچکا ہے اس وقت گلگت بلتستان کی آبادی سے زیادہ سیاح آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ فارن سیاح زیادہ سے زیادہ گلگت بلتستان آئیں اور ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی گلگت بلتستان آئیں۔ اس حوالے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو ملک میں تبدیلی لائے گا ترقی کا عمل شروع کرے گا اس کے خلاف سازشیں پہلی دفعہ نہیں ہوا ہیں نواز شریف نے موٹروے بنائی اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنائی تو حکومت ختم کر کے جلاوطن کیا گیا اب جب نواز شریف نے پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کیلئے پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کیا تو سازشیں شروع ہو چکی تھیں۔ ہم پوچھتے ہیں کہ جب سی پیک پر دستخط ہو رہے تھے تودھرنا کس بات کیلئے تھا۔ تسلسل سے نواز شریف کے خلاف سازشیں چلتی رہی ہیں اور سازشیں کھبی کامیاب ہوتیں ہیں کھبی نہیں۔ لیکن انشا اللہ نواز شریف کا جو نعرہ ہے کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی یہ زبان زد عام ہو چکا ہے اور انشا اللہ پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔ ہم عدالتوں سے بھی سرخرو ہوں گے۔
نیب کے کیس نواز شریف پر جعلی اور بوگس ہیں اور انتقامی بنیادوں پر ہیں۔ ہم گھبرانے والے نہیں،پاکستان میں ہم نے مثال پیش کی ہے منتخب وزیر اعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوئے ،عدالت میں پیش ہوئے نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں جبکہ ایک آمر جس پر آئین توڑنے اور بغاوت کا مقدمہ ہے وہ بیرون ملک رہتا ہے اس کو بلانے کی جر ات نہیں کی جاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پہلے بھی جیلیں دیکھی ہیں پہلے بھی ہتھکڑیاں پہنی ہیں ان حالات میں نواز شریف اور بھی بڑے لیڈر بن کر ابھر رہے ہیں ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کریں گے ملک میں انارکی نہیں پھیلائیں گے اور انشا اللہ قانون اور جمہوری اصولوں کے مطابق سیاسی جنگ لڑیں گے ،نواز شریف کے خلاف اندرونی اور بیرونی دونوں سازشیں ہیں۔ عمران خان اورطاہر القادری سازشی مہرے ہیں پوری دنیا سے ان کو پیسہ پاکستان میں سیاسی انارکی کیلئے دیا جاتا ہے۔ مسلم لیگ ن کو تو کہیں سے بھی پیسے نہیں ملتا، طاہر القادری اور عمران خان کو کیوں پیسے دئے جاتے ہیں۔ سوچنے والی بات ہے پاکستان میں مہرے عمران اور طاہر القادری ہیں اور بیرون ملک اور مہرے ہیں۔ پاکستان کی ترقی عالم اسلام کی ترقی ہے اس لئے اس کے دشمن سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو کمزور کرنے سے عالم اسلام کمزور ہوگا اس لئے ہر طرف سے سازشیں ہیں یہ تمام سازشیں ناکام ہوں گی ،
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔