
گلگت ( پ ر) صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی مقامی زبانوں کے فروغ کے لیئے کوشش کر رہی ہے اور تمام مقامی زبانوں کو سکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ریجنل لینگوئجز اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ اکیڈمی کے زیر اہتمام مقامی زبانوں کے تحفظ و ترویج سمیت مقامی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے آڈیٹوریم، آرٹ گیلری اور میوزیم کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس اہم ادارے کی عمارت کی تعمیر کے لیئے خصوصی کنسلٹنس کا تقرر کیا جائے گا جو کہ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کے ڈیزائن کو یقینی بنائیں گے۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ڈیڑھ کروڈ روپے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ہمارا کلچر بہت سارے ارتقائی مراحل سے گزر چکا ہے اور اس کلچر کی جڑیں نہایت ہی گہری ہیں، ہماری موسیقی ، شاعری اور لباس سمیت رہن سہن کا انداز نہایت ہی منفرد ہے۔ اس ثقافتی ورثے اور زبان کی ترویج کے لیئے حکومت نہایت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار سیکریٹری برقیات و پانی ظفر وقار تاج نے گلگت میں منعقدہونے والی ایک تقریب میں کیا۔ اس تقریب میں شینا ء قاعدہ کی کتاب محکمہ تعلیم کو پیش کی گئی ۔ یہ کتاب آئیندہ سال فروری سے سکولوں میں نرسری کلاس کے طلباء کے لیئے مرتب کی گئی ہے۔





