
گلگت (پ ر) سرکاری سطح پر مربوط اعداد و شمار کے حصول کے لیے سروے کے زریعے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی صورتحال کو جانچنے میں انتہائی مدد ملے گی ۔ ترقیاتی اہداف کے حصول اور حکومت کو مستقبل میں درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے میں مفید پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی ٖفدا محمد ناشاد نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ گلگت بلتستان کی جانب سے ملٹی پل کلسٹر انڈیکٹر سروے کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یونیسیف کے تعاون سے مکمل کیئے جانے والے اس سروے کے مقاصد واضح ہیں، حکومت کو سروے کی مدد سے ایسے علاقوں میں کام کرنے میں مدد ملے گی جہاں پر فنڈز کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے۔ اس طرح سے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں غربت پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ماں اور بچوں کی صحت ، تعلیم دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی اور ان کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس موقع پر UNICEFکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ہمیشہ اس طرح کے مواقع پر گلگت بلتستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ سپیکر جی بی ایل اے فدا محمد ناشاد نے مزید کہا کہ اس سروے کو کم وقت میں تکمیل پر سیکریٹری پلاننگ و ڈیولپمنٹ بابر امان بابر اور محکمہ بھی مبارک با د کا مستحق ہے ، جنہوں نے انتہائی مستعدی اور جانفشانی کے ساتھ سروے کو مکمل کیا۔ سپیکر صوبائی قانون ساز اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنا سب سے بڑے خدمت ہے ، اس سروے کی تکمیل کے بعد علاقے میں غربت کے خاتمے اور ماں و بچے کی صحت کو بہتر بنانے میں انتہائی مدد ملے گی۔





