گلگت( امیرجان حقانیؔ ) گلگت بلتستان پروفیسراینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہوئے۔ یونائٹڈپینل نے میدان مار لیا ۔سال 2018,2019کے لیے پروفیسرارشاد احمدشاہ صدر اور عبدالرشید جنرل سیکریٹری جبکہ طاہر ربانی سینئر نائب صدر مقرر ہوئے۔یونائیٹڈ پینل اور پروسیپٹرز پینل کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔گلگت بلتستان کے تمام گرلز اور بوائز کالجز کے اکیڈمک اسٹاف نے ووٹ میں حصہ لیا،پولنگ آفیسرز کی ذمہ داریاں کالجز کے پرنسپلوں نے انجام دیں۔ووٹنگ کا عمل نو بجے سے ایک بجے تک جاری رہا۔درجنوں کالجز کے سینکڑوں پروفیسروں اور لیکچراروں نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔نگران صدرمحمدرفیع اور اشتیاق احمد یاد نے نتائج کا اعلان کیا۔
نومنتخب صدر پروفیسر ارشاد احمد شاہ نے نمائندہ خصوصی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلدتقریب حلف برداری کا انعقاد تمام عہدہ داروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔جس میں گلگت بلتستان کے اعلی سرکاری و غیر سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔کابینہ کا انتخاب بھی بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسروں اور لیکچراروں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے تو ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا۔ تمام دوستوں سے مشاورت کے بعد معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ارشاد احمد شاہ نے مزید کہا کہ ایک دو اسٹیشنوں کے علاوہ پورے گلگت بلتستان کے کالجز سے مجھے اچھے ووٹ ملے۔ بلتستان کے پروفیسرروں نے بھرپور تعاون کیا اورتوقع سے زیادہ ووٹ دیا۔جن پروفیسروں نے دوسرے پینل کو ووٹ دیا ہے ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے ضمیر کے مطابق جو بھی فیصلہ کیا بہت اچھا کیا۔ سب کا مشکور ہوں ، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے،ویل ایجوکیٹڈ لوگوں عمل سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہوتا ہے۔
نگران کابینہ کے صدر پروفیسرمحمد رفیع، نائب صدر گل نسرین اور جنرل سیکرٹری اشتیاق احمدیادؔ نے دونوں پینلوں کا خصوصی شکریہ ادا کی اور کہا کہ دونوں پینلوں کے ذمہ داروں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا اور کالجز کے تمام پرنسپل صاحبان نے بھی الیکشن کے انعقاد پر بھرپور تعاون کیا۔اور فیکلٹی ممبران نے بھی بھرپور تعاون کیا۔جمہوریت کا حسن بھی یہی ہے کہ معاملات کو خوش اسلوبی سے نمٹایا جائے۔ نگران کابینہ نے مشترکہ طور پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ڈگری کالج گلگت کے وائس پرنسپل پروفیسراجلال حسین نے نگران کابینہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نگران کابینہ نے شفاف انتخاب کرواکر اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھایا ہے۔
پروسپیٹر پینل کے امیدواران پروفیسر مہدی علی اور فضل الرحمان نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کو خصوصی مبارک باد دی اور امید ظاہر کیا کہ نیا صدر اور اس کی کابینہ کمیونٹی کے مفادات کے لیے بہتر کام کرے گی۔ جو بھی اچھا کام کیا جائے گا اس کا کھل کر ساتھ دیں گے اور تعاون بھی کریں گے۔ مہدی علی نے مزید کہا کہ گلگت سٹی کے کالجز کے پروفیسراور لیکچرار اپنے ذاتی مفادات کے لیے الیکشن میں تعاون کرتے ہیں ۔ اس کلچر کو ختم کیا جانا چاہیے۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔