گلگت (پ ر) اسسٹنٹ کمشنر /سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلگت حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ ہڑ تال کے دوران امن و آمان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس، رینجرا ور جی بی سکاوٹس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہر میں امن کو یقینی بنانے کیلئے فل پروف انتظامات کر رکھے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس ،رینجرز اور جی بی سکاوٹس ہڑ تال کے دوران کسی بھی شرپسندی کے خلاف کاروائی کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں گی جبکہ زبردستی ہڑتال کروانے والوں کو نہیں بخشا جائے گا او ہڑتال کو جواز بناکر امن و آمان کوخراب کر نے نہیں دیں گے۔ عوام کے جان و ما ل کی حفاظت انتظامیہ کی اولین زمہ داری ہے۔ پرامن ماحول ہی علاقائی خوشحالی کا ضامن ہے۔ پر امن احتجاج عوام کا حق ہے مگر احتجاج کے آڑ ھ میں میونسپل حدود میں امن کو خراب نہیں کرنے دینگے۔ انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج کے دوران شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزتحصیلدار، مجسٹریٹس اور گرداورں کے ساتھ اہم اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے مجسٹریٹس کو احکامات دئے کہ وہ اپنے اپنے سیکٹرز میں امن وآمان برقرار رکھنے کیلئے کڑی نگرانی کریں اور ہڑ تال نہ کرنے والے تاجروں کے دکانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سیکٹر مجسٹریٹ پولیس نفری کے ہمراہ موجود رہے گا تاکہ تاجر حضرات بلاخوف خطر اپنا کاروبار کرسکیں ۔انہوں نے مجسٹریٹس کو ہدایات دیں کہ وہ باریک بینی کے ساتھ حالات کا جائزہ لیں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ میں رہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم کو اطلاع دیں تاکہ بروقت حالات کو کنٹرول کیا جاسکے۔
انہوں نےاجلاس کے موقع پر تحصیلدار ہیڈ کوآرٹر حسین شاہ کو کہا کہ وہ تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں جبکہ پولیس کے ہمراہ انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران وقتاٌ فوقتاٌ شہر کا دورہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہونے والے ہڑتال کے موقع پر انتظامیہ پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے ہمراہ چوکس رہیں گے۔
پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔